اتوار, فروری 23, 2025
اشتہار

عام شائقین کیساتھ جیلوں میں قیدی بھی پاک بھارت میچ سے لطف اندوز ہوں گے!

اشتہار

حیرت انگیز

چیمپئنز ٹرافی میں آج پاکستان اور بھارت کے بڑے مقابلے سے صرف عام شائقین ہی نہیں بلکہ جیلوں میں قید قیدی بھی لطف اندوز ہو سکیں گے۔

آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کا سب سے بڑا مقابلہ آج دبئی میں روایتی حریفوں پاکستان اور بھارت کے درمیان ہو رہا ہے۔ دنیا بھر کے شائقین کرکٹ کی نظریں اس میچ پر لگی ہیں بالخصوص دونوں ممالک کے شائقین کرکٹ تو یہ ہائی وولٹیج میچ دیکھنے کے لیے بے تاب ہیں۔

پاکستان میں جہاں اس میچ کو دیکھنے کے لیے شہر شہر بڑی اسکرینیں لگائی جا رہی ہیں وہیں پنجاب میں جیلوں میں قید قیدیوں کو بھی یہ بڑا مقابلہ دکھانے کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔

ترجمان محکمہ داخلہ کے مطابق پنجاب بھر کی تمام 44 جیلوں میں قیدیوں کو پاک بھارت میچ دکھانے کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔

جب کہ بچوں کی جیلوں میں بھی کرکٹ میچ کی لائیو نشریات دکھانے کے لیے انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔

سیکریٹری داخلہ پنجاب نورالامین مینگل نے آئی جی جیل خانہ جات کو اس حوالے سے انتظامات کرنے کی خصوصی ہدایت جاری کی تھیں، جس پر عمل کرتے ہوئے صوبے کی تمام جیلوں سمیت بچوں کی جیلوں میں بھی میچ اسکرین پر براہ راست دکھانے کے خصوصی انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔

دریں اثنا وزیراعلیٰ بلوچستان کی خصٓوصی ہدایت پر پاک بھارت میچ کے لیے ایوب اسٹیڈیم کمپلیکس، میٹرو پولیٹن کارپوریشن آفس سمیت مختلف مقامات پر بڑی اسکرینز نصب کی گئی ہیں۔

واضح رہے کہ پاکستان اور بھارت کا میچ دیکھنے کے لیے ملک کے طول وعرض کے چھوٹے بڑے شہروں، قصبوں میں خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔ مختلف مقامات پر بڑی اسکرینز نصب جب کہ دوستوں اور احباب سے ایک ساتھ میچ دیکھنے کے لیے خصوصی پروگرام ترتیب دیے ہیں۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں