پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان محمد حفیظ نے بابر اعظم کو بطور اوپنر مسترد کرتے ہوئے بھارت کے خلاف اوپننگ جوڑی کا نام بتا دیا ہے۔
آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے افتتاحی میچ میں دفاعی چیمپئن پاکستان کو نیوزی لینڈ سے 60 رنز کی شکست ہوچکی ہے۔ گرین شرٹس کا اگلا میچ 23 فروری کو دبئی میں روایتی حریف بھارت کے خلاف ہے۔ سابق کپتان محمد حفیظ نے اس میچ کے لیے اہم مشورے دیے ہیں۔
سرکاری ٹی وی کے اسپورٹس پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان محمد حفیظ نے کہا کہ پاکستان کے پاس اب غلطی کی گنجائش نہیں۔ اسلیے بھارت کے خلاف اہم میچ میں اسپیشلسٹ اوپنرز سے ہی اننگ اوپن کرائی جائے۔
محمد حفیظ کا کہنا تھا کہ فخر کی جگہ جو بھی اسپیشلسٹ اوپنر شامل ہوتا ہے۔ بھارت کے خلاف اس کے ساتھ اوپننگ کے لیے کامران غلام بہترین آپشن ہوگا۔ اس نے ٹیسٹ اور ون ڈے دونوں میں حال ہی میں اچھی کارکردگی دکھائی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ سعود شکیل نے ون ڈے میں کسی بھی لیول پر اوپننگ نہیں کی لیکن نیوزی لینڈ کیخلاف اس سے زبردستی اوپن کرائی گئی۔ یہی حال بابر اعظم کے ساتھ ہے وہ بطور اوپنر ناکام ہے۔ میرے خیال میں بابر اعظم کو نمبر تین پر ہی کھیلنا چاہیے۔
سابق کپتان نے پاکستان کی بیٹنگ لائن اپ ترتیب دیتے ہوئے کہا کہ اوپننگ کے لیے امام کے ساتھ کامران غلام ہوں۔ بابر اعظم نمبر تین پر آئیں۔ ان کے بعد محمد رضوان، سلمان علی آغا، طیب طاہر اور ساتویں نمبر پر خوشدل خان کو کھلایا جائے جس نے اس نمبر پر کل اسکور کر کے خود کو ثابت کر دیا۔
محمد حفیظ نے کہا کہ بابر سے اوپن کرانے کا انجام ہم چار میچز میں دیکھ چکے ہیں۔ اگر کسی نے ضد لگا لی ہے کہ بابر سے ہی اوپن کرانا ہے تو پھر نتیجہ بھی پہلے جیسا نکلے گا۔
چیمپئنز ٹرافی: فخر زمان کی جگہ امام الحق پاکستانی اسکواڈ میں شامل