جمعرات, فروری 20, 2025
اشتہار

چیمپئنز ٹرافی میں پاکستان کا ریکارڈ بھارت سے بہتر

اشتہار

حیرت انگیز

آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کا میلہ شروع ہونے میں صرف تین دن باقی رہ گئے ہیں اس میگا ایونٹ میں پاکستان کا ریکارڈ روایتی حریف بھارت پر حاوی ہے۔

یوں تو آئی سی سی ایونٹس میں مجموعی طور پر بھارت کی کارکردگی پاکستان سے بہتر ہے تاہم آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں یہ معاملہ بالکل الٹ ہے اور منی ورلڈ کپ کے نام سے مشہور اس شوپیس ایونٹ میں گرین شرٹس کا ریکارڈ روایتی حریف کے مقابلے میں بہتر ہے۔

دونوں ممالک کے شائقین کرکٹ 8 سال قبل آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2017 کا فائنل کبھی نہیں بھلا پائیں گے جس میں پاکستان نے بھارت کو چاروں شانے چت کرتے ہوئے 180 رنز کے بڑے مارجن سے فتح حاصل کر کے پہلی بار چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔

اگر مجموعی طور پر آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے پاک بھارت مقابلوں پر نظر دوڑائی جائے تو دونوں روایتی حریف اب تک پانچ بار ایک دوسرے کے خلاف میدان میں صف آرا ہوئے ہیں اور ان میں سے تین بار گرین شرٹس فاتح بن کر باہر آئی جب کہ دو بار فتح نے بھارت کے قدم چومے۔

آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی پہلی بار 1998 میں منعقد ہوئی تھی لیکن بھارت اور پاکستان کو اپنے پہلے میچ کے لیے 2004 تک انتظار کرنا پڑا تھا۔

انگلینڈ میں کھیلی گئی چوتھی چیمپئنز ٹرافی میں دونوں ٹیمیں پہلی بار آمنے سامنے آئیں۔ پاکستان نے یہ میچ 3 وکٹوں سے جیت لیا۔ اس کے بعد 2009 میں بھی پاکستان نے بھارت کو 54 رنز سے شکست دی تھی۔

بھارت نے 2013 میں چیمپئنز ٹرافی میں پاکستان کے خلاف پہلی فتح حاصل کی تھی۔ برمنگھم میں کھیلا گیا یہ میچ بھارت نے 8 وکٹوں سے جیت لیا۔

2017 میں کھیلی گئی چیمپئنز ٹرافی میں بھارت اور پاکستان دو بار آمنے سامنے ہوئے۔ بھارت نے گروپ میچ میں پاکستان کو 124 رنز سے شکست دی تھی۔ اس کے بعد فائنل میں دونوں ٹیمیں مدمقابل ہوئیں۔ پاکستان نے فائنل میں بھارت کو 180 رنز سے شکست دے کر نہ صرف ٹائٹل اپنے نام کیا بلکہ اپنی پچھلی شکست کا بدلہ بھی لے لیا۔

اب ایک بار پھر دونوں ٹیمیں 23 فروری کو دبئی اسٹیڈیم میں چیمپئنز ٹرافی کے مقابلے میں ٹکرانے والی ہیں اور دونوں ٹیموں میں 2017 کی فائنلسٹ ٹیموں کے کئی کھلاڑی شامل ہیں۔

چیمپئنز ٹرافی کی کمنٹری کتنی زبانوں میں نشر ہوگی؟

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں