چیمپئنز ٹرافی کا میلہ سجنے میں ایک دن باقی رہ گیا ہے پاکستان لگ بھگ 29 سال بعد کسی آئی سی سی ایونت کی میزبانی کر رہا ہے۔
چیمپئنز ٹرافی کا آغاز کل سے پاکستان کی میزبانی میں ہو رہا ہے۔ ایک ٹرافی کے حصول کے لیے 8 ٹیموں کے درمیان یہ جنگ کرکٹ کے میدانوں میں 9 مارچ تک لڑی جائے گی، جس کی شروعات کل کراچی نیشنل اسٹیڈیم میں دفاعی چیمپئن پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان میچ سے ہوگا۔
پاکستان میگا ایونٹ کے انعقاد کے لیے مکمل تیار ہے۔ چیمپئنز ٹرافی کے لیے ریکارڈ مدت میں قذافی اسٹيڈیم لاہور اور نیشنل اسٹیڈیم کراچی کی جدید طرز پر تکمیل کے بعد گزشتہ دنوں افتتاح بھی ہوچکا۔
دو روز قبل شاہی قلعہ لاہور کے حضوری باغ (دیوان عام) میں میگا ایونٹ کی چمچاتی ٹرافی کی رونمائی تقریب ہوئی۔ اس تقریب میں آئی سی سی عہدیدار، چیئرمین پی سی بی و دیگر عہدیدار، 2017 کے چیمپئن پاکستانی کھلاڑی اور حکومتی نمائندوں نے شرکت کی۔
اب کل (بدھ) کو میگا ایونٹ کی افتتاحی تقریب کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں ہوگی۔ اس تقریب میں پہلی بار پاک فضائیہ کے طیارے حصہ لیں گے اور فضا میں فلائی پاسٹ ہوگا جس کے لیے سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) نے ایئر لائنز کو نوٹم کے ذریعے ہدایات جاری کر دی ہیں۔
چیمپئنز ٹرافی کے لیے آنے والی غیر ملکی ٹیموں سمیت قومی کھلاڑیوں کی سیکیورٹی کے لیے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ لاہور میں فوج اور رینجرز کو بھی طلب کیا گیا ہے جب اسٹیڈیم کے اطراف اسنائپرز بھی تعینات کیے جائیں گے۔
میگا ایونٹ کے لیے نیوزی لینڈ، جنوبی افریقہ، آسٹریلیا، افغانستان اور انگلینڈ کی ٹیمیں پاکستان پہنچ چکی ہیں۔ بھارت اپنے میچ ہائبرڈ ماڈل کے تحت دبئی میں کھیلے گا۔ بنگلہ دیش کی ٹیم 20 مارچ کو بھارت سے مقابلے کے بعد پاکستان پہنچ جائے گی۔
چیمپئنز ٹرافی کے میچز کراچی، لاہور اور پنڈی میں کھیلے جائیں گے۔ ہائبرڈ ماڈل کے تحت بھارتی ٹیم اپنے تمام میچز دبئی میں کھیلے گی جب کہ ایک سیمی فائنل بھی وہیں ہوگا۔ بھارت ٹیم اگر فائنل میں پہنچی تو یہ بڑا مقابلہ دبئی بصورت دیگر قذافی اسٹیڈیم لاہور میں ہوگا۔
چیمپئنز ٹرافی کے لیے پاکستان سمیت 6 ٹیموں کی تیاریاں آخری مراحل میں ہیں جب کہ بھارت اور بنگلہ دیش کی ٹیمیں دبئی میں تیاریاں کر رہی ہیں۔
چیمپئنز ٹرافی کی چمچاتی ٹرافی کیسے تیار کی گئی؟ آئی سی سی نے ویڈیو جاری کر دی