بھارتی بیٹر ویرات کوہلی نے پاکستان کے خلاف فتح گر اننگ کھیلی تاہم سینئر بیٹر نے ایسی سنگین غلطی بھی کی جو ان کے گلے پڑ سکتی تھی۔
آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے گزشتہ روز دبئی میچ میں بھارت نے پاکستان کو با آسانی 6 وکٹوں سے ہرا دیا۔ اس میچ کی خاص بات بھارت کے سینئر بیٹر ویرات کوہلی کی طویل عرصہ سے روٹھی فارم کا واپس آنا اور میچ وننگ اننگ کھیلتے ہوئے نا قابل شکست سنچری اسکور کرنا تھا۔
ویرات کوہلی نے وننگ شاٹ کھیل کر اپنی 51 ویں ون ڈے سنچری مکمل کی اور میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔ تاہم اس شاندار کارکردگی سے قطع نظر ان سے میچ کے دوران ایسی بھیانک غلطی ہوئی جو ان کے گلے پڑ سکتی تھی اور اس کی نشاندہی ان کے ہم وطن سابق کرکٹر اور موجودہ کمنٹیٹر سنیل گواسکر نے کی ہے۔
پاکستان کی جانب سے 242 رنز کے ہدف کے تعاقب میں جب ویرات کوہلی کریز پر موجود تھے۔ اس دوران ایسا غیر معمولی واقعہ میدان میں رونما ہوا جس نے سنیل گواسکر کو چونکا دیا اور وہ ویرات کوہلی کی اس حرکت پر سخت ناراض دکھائی دیے۔
ہوا یوں کہ پاکستان فیلڈر کی جانب سے کی گئی تھرو کو ویرات کوہلی نے روکا۔ جس کو دیکھ کر کمنٹیری باکس میں بیٹھے سنیل گواسکر سخت حیران اور ان کی حرکت پر برہم ہوئے اور کہا کہ کوہلی خوش قسمت رہے کہ کسی نے ان کے خلاف فیلڈ میں رکاوٹ ڈالنے کی اپیل نہ کی ورنہ وہ مشکل میں آ سکتے تھے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ جس فیلڈر کی تھرو کو کوہلی نے روکا اس کا بیک اپ موجود نہیں تھا اور اگر وہ یہ گیند نہ روکتے تو اوور تھرو کے ایک یا دو رن بھارتی ٹیم کو مل سکتے تھے۔
واضح رہے کہ پاکستان چیمپئنز ٹرافی کا دفاعی چیمپئن ہے۔ تاہم ابتدائی دو میچز میں شکست کے بعد وہ تقریباً ٹورنامنٹ سے باہر ہوچکا ہے۔
بھارت نے اپنے دو میچز جیت کر گروپ ون سے سیمی فائنل کے لیے تقریباً کوالیفائی کر لیا ہے۔ اگر آج نیوزی لینڈ بنگلہ دیش کو ہرا دیتا ہے تو بھارت اور نیوزی لینڈ فائنل فور کے لیے کوالیفائی کرلیں گے۔ تاہم اگر نتیجہ الٹ ہوتا ہے تو پھر معاملہ دلچسپ ہو جائے گا اور پاکستان کے سیمی فائنل میں پہنچنے کے معدوم امکانات برقرار رہیں گے۔