پاکستان میں چیمپئنز ٹرافی کی تیاریاں آخری مراحل میں ہیں شائقین کرکٹ کی دلچسپی کے لیے قذافی اسٹیڈیم لاہور میں ایل ای ڈی لائٹس لگا دی گئی ہیں۔
پاکستان میں آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کا آغاز 19 فروری سے ہو رہا ہے۔ میگا ایونٹ کے لیے تیاریاں آخری مراحل میں داخل ہو گئی ہیں۔
چیمپئنز ٹرافی کے میچز کی میزبانی پنڈی اسٹیڈیم، قذافی اسٹیڈیم لاہور اور نیشنل بینک کرکٹ اسٹیڈیم کراچی کریں گے اور دونوں اسٹیڈیم کی تعمیر نو اور اپ گریڈیشن کا کام پایہ تکمیل کے قریب ہے۔
قذافی اسٹیڈیم میں شائقین کرکٹ کی دلچسپی کے لیے جدید ایل ای ڈی لائٹس لگا دی گئی ہیں جہاں چیمپئینز ٹرافی کے اہم معرکوں کے دوران تماشائی لائٹ شو سے بھی لطف اندوز ہوسکیں گے۔
تزئین و آرائش کے سلسلے میں ایونٹ سے قبل اس کی ٹیسٹنگ پر بھی کام شروع کر دی گیا ہے۔ ٹیسٹنگ کے دوران قذافی اسٹیڈیم سرخ روشنی میں نہا گیا اور انتہائی دلکش منظر پیش کرتا رہا۔
اس کے علاوہ قذافی اسٹیڈیم لاہورکی گنجائش 35 ہزار تماشائیوں تک بڑھا دی گئی ہے۔ تزئین و آرائش سمیت اسٹیڈیم کے تمام انکلوژرز میں نئی کرسیاں لگائی گئی ہیں۔
نیشنل بینک کرکٹ اسٹیڈیم کراچی میں بڑے پیمانے پربہتری لائی گئی ہے۔ ان میں یونیورسٹی اینڈ پر کھلاڑیوں اور آفیشلز کے لیے ایک نیا انکلوژر شامل ہے۔ تماشائیوں کی سہولت کے لیے پانچ ہزار نئی کرسیاں بھی نصب کر دی گئی ہیں۔
ویڈیو: شائقین کرکٹ کا جوش بڑھاتا چیمپئنز ٹرافی کا نیا پرومو جاری