چیمپئنز ٹرافی کا میزبان پاکستان ہے بھارتی کھلاڑیوں کی جرسی پر پاکستان کا نام والا لوگو ہوگا یا نہیں اس حوالے سے بڑی خبر آ گئی ہے۔
چیمپئنز ٹرافی کا آغاز 19 فروری کو پاکستان کی میزبانی میں ہو رہا ہے تاہم بھارت اس ایونٹ کو متاثر کرنے کے لیے ہر حربہ استعمال کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔
گزشتہ روز کو بھارتی میڈیا نے بی سی سی آئی کے حوالے سے خبر دی تھی جس میں کہا گیا تھا کہ بھارتی بورڈ اپنے کھلاڑیوں کی جرسی پر لوگو میں پاکستان کا نام نہیں لگائے گا۔
تاہم آئی سی سی کے سخت انتباہ پر بھارت کو گھٹنے ٹیکنے پڑے اور اب بھارتی کھلاڑی وہی جرسی پہنیں گے جس کے لوگو پر میزبان ملک پاکستان کا نام جگمگا رہا ہوگا۔
اس حوالے سے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے تصدیق کر دی ہے کہ چیمپئنز ٹرافی میں بھارت کی جرسی پر آفیشل لوگو ہوگا اور بھارتی میڈیا نے بھی منہ کی کھانے کے بعد یہ رپورٹ دی ہے کہ چیمپئنز ٹرافی کی جرسی پر پاکستان کا نام بطور میزبان لکھا ہوگا۔
بھارتی کرکٹ بورڈ کے سیکریٹری نے وضاحتی بیان میں کہا ہے کہ ہم چیمپئنز ٹرافی کے لیے آئی سی سی کی گائیڈ لائنز کو اپنائیں گے۔
واضح رہے کہ آئی سی سی کی روایت کے مطابق ہر ایونٹ پر لوگو میں میزبان ملک کا نام شامل ہوتا ہے جو اس ٹورنامنٹ میں شریک ٹیموں کے کھلاڑیوں کی جرسی پر لگایا جاتا ہے۔
تاہم گزشتہ روز بھارتی بورڈ کے اعتراض کے بعد آئی سی سی کی جانب سے سخت انتباہ جاری کیا گیا تھا اور واضح کیا گیا تھا کہ اگر اس نے پاکستان کے نام والا لوگو کھلاڑیوں کی جرسی پر نہ لگایا تو اسے سخت کارروائی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
ملتان ٹیسٹ: ویسٹ انڈیز کے 3 کھلاڑیوں نے کرکٹ کی 148 سالہ تاریخ کا دلچسپ ریکارڈ بنا لیا!