کراچی : یوم دفاع وشہدا پر مزار قائد اور مزاراقبال پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقاریب منعقد کی گئیں، جہاں تقاریب کے مہمان خصوصی نے مزار قائد اور مزاراقبال پر آرمی چیف کی جانب سے پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔
تفصیلات کے مطابق یوم دفاع وشہدا کے موقع پر مزار قائد پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب ہوئی ، پاکستان ائیر فورس اکیڈمی اصغر خان کے کیڈٹس نے گارڈز کے فرائض سنبھال لئے، اصغرخان اکیڈمی کے73 ایئر فورس کیڈٹس نے پاک بحریہ کے دستوں کو تبدیل کیا ، ان کیڈٹس میں 5 خواتین بھی شامل ہیں۔
تقریب کے مہمان خصوصی پاکستان ائیر فورس اکیڈمی اصغر خان کے ائیر آفیسر کمانڈنگ ائیر وائس مارشل ندیم صابر نے بابائے قوم کے مزار پر پریڈ کا معائنہ کیا اور آرمی چیف کی جانب سے پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔
دوسری جانب لاہور میں یوم دفاع پاکستان کے موقع پر مزار اقبال پر بھی پر وقار تقریب منعقد ہوئی ، تقریب کے مہمان خصوصی گیریژن کمانڈر میجر جنرل محمد عامر نے حاضری دی۔
گیریژن کمانڈر میجر جنرل محمد عامر نے آرمی چیف کی جانب سے پھول چڑھائے، فاتحہ خوانی کی اور مہمانوں کی کتاب میں تاثرات بھی قلمبند کیے۔
مزید پڑھیں : قوم آج یوم دفاع پاکستان ملی جوش وجذبے سے منارہی ہے
خیال رہے ملک بھر میں یومدفاع و شہدا آج ملی جوش جزبے سے منایا جا رہا ہے، ہمیں پیار ہے پاکستان کے نام سے آئی ایس پی آر کی خصوصی مہم میں شہیدوں اور ان کے اہل خانہ کو ملک بھر میں خراج تحسین دینے کا سلسلہ جاری ہے۔
شہدا کی یادگاروں پر پھول رکھے جارہےہیں جبکہ غازیوں اور شہدا کے ساتھیوں کے گھر جاکر ان سے محبت کا اظہار کیا جارہاہے ۔
یوم دفاع و شہدا کی مرکزی تقریب رات آٹھ بجے جی ایچ کیو میں ہوگی، وزیر اعظم عمران خان مہمان خصوصی ہوں گے۔