جمعرات, دسمبر 26, 2024
اشتہار

پنجاب کابینہ میں بڑے پیمانے پر تبدیلیاں، وزیر اطلاعات ایک بار پھر تبدیل

اشتہار

حیرت انگیز

لاہور: پنجاب کابینہ میں بڑے پیمانے پر تبدیلیاں کی گئی ہیں، وزیر اطلاعات صمصام بخاری سمیت متعدد وزرا کے محکمے تبدیل کردیے گئے۔

تفصیلات کے مطابق پنجاب کے وزیر اطلاعات کو ایک بار پھر تبدیل کردیا گیا، صمصام بخاری سے وزارت اطلاعات کا قلمدان واپس لے لیا گیا۔ انہوں نے رواں برس 6 مارچ کو اپنی ذمہ داریاں سنبھالی تھیں۔

صمصام بخاری کو سابق وزیر فیاض الحسن چوہان کے متنازعہ بیانات کے باعث مستعفی ہونے کے بعد صوبے کا نیا وزیر اطلاعات مقرر کیا گیا تھا۔

- Advertisement -

سابق وزیر اطلاعات فیاض چوہان اقلیتی برادری سے متعلق متنازعہ بیان دینے پر وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے حکم پر اپنے عہدے سے مستعفی ہوگئے تھے۔

فیاض چوہان نے ہندو برادری سے متعلق اپنے بیان پر معذرت بھی کی تھی اور کہا تھا کہ میرا مخاطب بھارتی وزیر اعظم، بھارتی فوج اور بھارتی میڈیا تھا، پاکستان میں ہندو اقلیت نہیں۔ انہوں نے کہا تھا کہ پاکستان میں ہندوؤں کی دل آزاری ہوئی ہے تو معذرت خواہ ہوں۔

تاہم وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے ان کے بیان کا نوٹس لیتے ہوئے کہا گیا تھا کہ اس نوعیت کا کوئی بھی بیان قابل قبول نہیں، کسی بھی مذہب کی دل آزاری قبول نہیں ہوگی۔

صمصام بخاری کی جگہ میاں اسلم اقبال کو اطلاعات اور کلچر کی اضافی ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں۔

دیگر تبدیل شدہ محکمے

پنجاب کابینہ میں مزید کئی وزرا کے محکمے تبدیل کیے گئے ہیں، یاسر ہمایوں سے سیاحت کا محکمہ واپس لے کر وزیر کھیل پنجاب محمد تیمور خان کو سیاحت کا محکمہ دیا گیا ہے۔

اسی طرح راجہ بشارت سے وزارت بلدیات کا قلمدان واپس لے کر سوشل ویلفیئر اور محکمہ بیت المال کا چارج دے دیا گیا۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں