اسلام آباد: مسلم لیگ ن میں اندرونی چپقلش شدت اختیار کر گئی، چوہدری نثارسمیت بعض رہنماؤں نے مریم نواز کو اہم ذمہ داری دینے کے مخالف کردی ہے۔
تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن میں اندرونی اختلافات نے شریف خاندان کی مشکلات میں مزید اضافہ کردیا ہے، وزیراعلیٰ شہبازشریف کی چوہدری نثار سے ملاقات بے سود رہی، وزیراعلی پنجاب قریبی ساتھی چوہدری نثارکے تحفظات دور کرنے میں ناکام ہوگئے، شہبازشریف چوہدری نثار کا مؤقف نوازشریف تک پہنچائیں گے۔
چوہدری نثار نے مریم نواز کو پارٹی میں اہم عہدہ اور ذمہ داری دینے کی مخالفت کردی ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف کل لندن روانہ ہوں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مریم نواز کو پارٹی میں کسی بھی اہم عہدے کیلئے مزاحمت کا سامنا ہے ، چوہدری نثار سمیت بعض رہنما مریم نوازکواہم ذمہ داری دینے کے مخالف ہیں۔
مزید پڑھیں : مریم نوازکو لیڈر تسلیم نہیں کرتا، بچے بچے ہوتے ہیں، چوہدری نثار
یاد رہے کہ سابق وزیر داخلہ اورمسلم لیگ نون کے رہنما چوہدری نثارعلی خان نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ مریم نواز کو لیڈر تسلیم نہیں کرتا، بچے بچے ہوتے ہیں انہیں لیڈر کیسے مانا جاسکتا ہے، اختلافات کے باوجود نواز شریف کے ساتھ چلا جاسکتا ہے۔
چوہدری نثار کا کہنا تھا کہ مریم نواز کا کردارصرف نوازشریف کی بیٹی کا ہے، جب مریم باضابطہ سیاست میں آئیں گی، ان کا پروفائل بنے گا تو لوگ فیصلہ کرینگے، مریم نواز اور بے نظیر بھٹو میں بہت فرق ہے۔
انکا کہنا تھا کہ بےنظیر بھٹو کا معاملہ مریم نواز سے قطعاً مختلف ہے، بےنظیر بھٹو نے ذوالفقار علی بھٹو کے قتل کے بعد گیارہ سال تک مصبیتیں جھیلیں۔
جس کے بعد مریم نواز نے چوہدری نثار کے بیان پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ چوہدری نثار کے اپنے خیالات ہیں وہ میرے والد کے پرانے ساتھی ہیں اُن کی عزت کرتی ہوں۔