اشتہار

مرغی غریب عوام کی پہنچ سے دور، چار روز میں کتنا اضافہ ہوا؟

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی / لاہور/ پشاور : ملک کے مختلف شہروں میں چکن فروشوں نے غریب اور متوسط طبقے کے منہ سے مرغی کے گوشت کا نوالہ بھی چھین لیا۔

چند دن قبل کراچی میں فارمی مرغی کا گوشت 500 سے ساڑھے 5سو کے درمیان فروخت کیا جارہا تھا جسے اچانک پر لگے اور قیمت750 روپے فی کلو کے قریب جاپہنچی۔

اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ چکن فروشوں نے قیمتوں میں خود ساختہ اضافہ کیا ہے لیکن پرائس کنٹرول کمیٹیاں دکانداروں کے سامنے بےبس ہیں۔

- Advertisement -

گھر میں مرغی کا سالن بنانا ہو یا چکن بریانی یہ بات اب کراچی کے عام شہریوں کے لیے خواب بنا دی گئی، کراچی میں چکن کی قیمت نے نیا ریکارڈ بنالیا، گوشت فی کلو 750روپے ہوگیا۔

اس کے علاوہ زندہ مرغی500روپے اور بون لیس ایک ہزار پچاس روپے میں فروخت کیا جارہا ہے، عوام کی بڑی تعداد مہنگے چکن کے باعث اسے خریدنے سے گریزاں ہے۔

لاہور میں بھی مرغی کے گوشت نے عوام کا بُراحال کررکھا ہے، یہاں بھی چکن ساڑھے چھ سو روپے فی کلو ہوگئی، جس کے باعث لاہوریوں کی قوتِ خرید جواب دے گئی ہے۔

خیبرپختونخوا کے شہر پشاور میں مرغی خریدنے کی سکت دکانداروں میں بھی نہیں رہی، چکن فروشوں نے قوت خرید نہ ہونے کے باعث اپنی دکانیں ہی بند کردیں۔

مارکیٹ میں مرغی کے پنجرے خالی نظر آرہے ہیں، اس حوالے سے کراچی سے خیبر تک تمام پولٹری فارمرز کا بس ایک ہی جواب ہے کہ فیڈ مہنگی ہو گئی جناب۔

ترجمان پولٹری ایسوسی ایشن ڈاکٹرعبدالکریم نے اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ لوگوں نے اپنے آرڈرز منسوخ کردیئے ہیں، نئی بکنگ نہیں ہورہی، چکن کی قیمتیں پورے پاکستان میں بڑھیں،

ان کا کہنا تھا کہ پہلے فیڈ سے متعلق مسائل تھے، اب امپورٹ نہ ہونے سے بھی مزید مشکلات درپیش ہیں، پولٹری کا کام بہت حد تک خراب ہوچکا ہے، فیڈ مہنگی ہونے کی وجہ سے بھی پولٹری سیکٹر تباہی کا شکار ہے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں