کراچی : چیف ایگزیکٹیو آفیسر پی آئی اے کےعہدے پر سابق بیورو کریٹ مشرف رسول سیاں کی تقرری کا نوٹی فکیشن جاری کردیا گیا ہے، ایوی ایشن ڈویژن کا جاری کردہ تقرر نامہ اے آر وائی نیوز کو موصول ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق سابق بیورو کریٹ مشرف رسول سیاں کو پی آئی اے کا نیا چیف ایگزیکٹیو آفیسر مقرر کردیا گیا ہے، اس حوالے سے حکومت نے حکم نامہ بھی جاری کردیا ہے۔
انتہائی ضروری کے عنوان سے جاری کردہ تقرر نامہ ایئر لائن کے چیف ہیومن ریسورسز کو بذریعہ فیکس روانہ کیا گیا، خط کے مطابق مشرف رسول سیاں کی بطور سی ای او فوری تقرری کی منظوری وزیر اعظم نے دی ہے۔
تاہم ابھی تک یہ واضح نہیں ہوسکا ہے کہ اس تقرری کی منظوری سابقہ یا موجودہ وزیراعظم میں سے کس نے دی ہے، مذکورہ تقرر نامے میں پی آئی اے کے21جولائی کے خط کا حوالہ بھی دیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق نئے سی ای او سابق مشیر برائے ہوا بازی سردار مہتاب عباسی کے اسٹاف افسر بھی رہ چکے ہیں۔