تازہ ترین

”حکومت کو قوانین میں خامیوں سے متعلق آگاہی کی ضرورت ہے“

چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس عمر عطا بندیال کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت کو قوانین میں خامیوں سے متعلق آگاہی کی ضرورت ہے۔

لاہور میں مصالحتی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے چیف جسٹس پاکستان عمر عطا بندیال نے کہا کہ سائلین میں مصالحت کے لیے آگاہی مہم چلانے کی ضرورت ہے، کانفرنس میں کمرشل کورٹس اور مصالحتی عدالتوں کے فوائد پر بات کی گئی۔

چیف جسٹس نے کہا کہ چیف جسٹس ہائی کورٹس کے ساتھ مل کر پالیسی بنائی گئی، مصالحتی نظام کی کامیابی کے لیے قوانین کو بھی بہتر بنانے کی ضرورت ہے،  اس میں کوئی شک نہیں کہ کیسز کی بھر مار سے ہمارا نظام رک گیا ہے۔

عمر عطا بندیال نے کہا کہ مصالحتی نظام کے طریقہ کار کو مزید فعال بنانے کی ضرورت ہے، ثالثی کے نظام کو کامیاب بنانے کے لیے جامع کوششوں کی ضرورت ہے، مقصد کے لیے وسائل کی فراہمی وقت کی ضرورت ہے۔

خیال رہے کہ امریکا کے عالمی شہرت یافتہ جریدے نے چیف جسٹس پاکستان عمر عطا بندیال کو دنیا کی 100 بااثر ترین افراد کی فہرست میں شامل کرلیا ہے۔

ٹائمز میگزین کی جانب سے 2022 کی سو بااثر شخصیات کی فہرست کا اجرا کیا گیا۔ رواں برس پانچ سے زائد شعبوں کی شخصیات کو فہرست کا حصہ بنایا گیا ہے۔

امریکی صدر جو بائیڈن، چینی صدر شی جن پنگ، روسی صدر ولادیمیر پیوٹن، یوکرینی صدر زیلنسکی اور احمد ابے بھی فہرست میں شامل ہیں۔

فہرست کے لیے چیف جسٹس عمر عطا بندیال کا پروفائل سینئر وکیل اعتزاز احسن نے تحریر کیا ہے اور لکھا چیف جسٹس بندیال کے فیصلوں میں صرف انصاف ہوتا نہیں بلکہ انصاف ہوتا نظر آتا ہے۔

Comments