لاہور : کمسن ڈرائیور نے راہ گیر کی جان لے لی، کار 102 کی رفتار سے ٹی ایم اے ملازم کو کچلتی ہوئی چلی گئی، پولیس نے مقدمہ درج کرکے بچے کو گرفتار کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق لاہور کے علاقے نواب ٹاؤن کی حدود میں خوفناک ٹریفک حادثے میں والدین کی غفلت سے ایک راہ گیر جان کی بازی ہار گیا۔
کمسن ڈرائیور نے شہری کی جان لے لی، حادثہ تیز رفتاری کے باعث پیش آیا، بچہ 120کی اسپیڈ سے کار چلا رہا تھا، جو بے قابو ہو کر راہ گیر پر چڑھ گئی۔
اس حوالے سے پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ مذکورہ گاڑی کی ٹکر سے ارشد بھٹی نامی شخص جاں بحق ہوا ہے جو ضلعی انتظامیہ (ٹی ایم اے) کا ملازم ہے۔
اطلاع ملتے ہی پولیس اہلکار جائے وقوعہ پر پہنچے اور ابتدائی کارروائی کے بعد لاش کو پوسٹ مارٹم کیلئے اسپتال روانہ کردیا، پولیس کے مطابق 120کی رفتار سے آتی ہوئی کار نے ٹی ایم اے ملازم کو ٹکر ماری تو ارشد بھٹی نے موقع پر ہی دم توڑ دیا تھا،
پولیس نے گاڑی میں سوار کمسن ڈرائیور کو حراست میں لے کر اس کیخلاف مقدمہ درج کرلیا ہے۔