گوجرانوالہ: مجاہد پورہ میں پتنگ کی ڈور سے ایک اور بچہ شدید زخمی ہو کر اسپتال پہنچ گیا، پولیس پتنگ بازی روکنے میں نا کام رہی۔
تفصیلات کے مطابق گوجرانوالہ کے علاقے مجاہد پورہ میں پتنگ کی ڈور سے ایک اور بچے کا گلا کٹ گیا، بچے کو ڈی ایچ کیو اسپتال پہنچا دیا گیا۔
[bs-quote quote=”تین سالہ بچے کی حالت تشویش ناک ہے۔” style=”style-7″ align=”left” color=”#dd3333″ author_name=”ریسکیو ذرائع”][/bs-quote]
ریسکیو ذرائع کے مطابق بچے کو تشویش ناک حالت میں ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں بچے کو طبی امداد دی جا رہی ہے۔
تین سالہ بچہ ابراہیم اپنے والد کے ساتھ موٹر سائیکل پر مارکیٹ جا رہا تھا کہ پتنگ کی ڈور گلے پر پھرنے سے وہ شدید زخمی ہو گیا۔
پتنگ بازی کے شوقین افراد ایسی ڈور استعمال کر رہے ہیں جو لوگوں کی جان کے لیے خطرناک ثابت ہو رہی ہے، تاہم پولیس تا حال مہلک ثابت ہونے والی پتنگ بازی کو روکنے میں نا کام رہی ہے۔
خیال رہے کہ پتنگ کے قاتل ڈور کے باعث آئے روز ملک کے مختلف شہروں میں ننھے بچوں کی جانیں ضائع ہو رہی ہیں، دو ماہ قبل کراچی میں ایک بچہ، چار ماہ قبل لاہور میں ایک موٹر سائیکل سوار گلے پر ڈور پھرنے سے جان سے ہاتھ دھو بیٹھا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: نوجوان کی ہلاکت، لاہور میں پتنگیں اڑانے، بیچنے اور بنانے والوں کے خلاف سخت کریک ڈاؤن کا حکم
22 ستمبر 2018 کو ڈی آئی جی آپریشنز لاہور نے شہر میں پتنگیں اڑانے، بیچنے اور بنانے والوں کے خلاف سخت کریک ڈاؤن کا حکم دیا تھا، انھوں نے پتنگ بازی کو خطرناک کھیل قرار دیا۔
جب کہ اسی دن وزیرِ اعلیٰ عثمان بزدار نے پتنگ بازی پر پابندی کے قانون پر عمل نہ کرائے جانے پر افسوس کرتے ہوئے کہا تھا کہ پتنگ بازی پر پابندی کے قانون پر سختی سے عمل درآمد کرایا جائے۔