جمعرات, فروری 13, 2025
اشتہار

سوتیلی ماں کا معصوم بچوں پر ظلم، 5 ماہ سے زنجیروں میں بھوکا پیاسا باندھے رکھا

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی: شہر قائد کے علاقے گلبرگ میں سوتیلی ماں نے معصوم بچوں کے ساتھ جانوروں جیسا سلوک روا رکھا، بچوں کو برہنہ حالت میں کئی ماہ سے زنجیروں میں باندھ رکھا۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق گلبرگ کراچی میں سوتیلی ماں نے اپنے ظالمانہ عمل سے مامتا کو شرما دیا، دو معصوم بچوں کو برہنہ حالت میں زنجیروں میں جکڑ کر بھوکا پیاسا رکھا، اپنے ہی گھر میں بچے قیدیوں سے بد تر حالت میں 5 ماہ تک ظلم سہتے رہے۔

بچوں کی عمر 4 سے 10 سال کے درمیان ہے، انھیں کئی کئی روز تک کھانا بھی نہیں دیا جا رہا تھا، جس سے ان کی جسمانی حالت افریقا کے قحط زدہ بچوں جیسی ہو گئی تھی، والدین میں علیحدگی کے بعد باپ نے دوسری شادی کی تو سوتیلی ماں نے بچوں پر ظلم کے پہاڑ توڑ دیے، اپنی ماں نے بھی پلٹ کر نہیں پوچھا۔

پڑوسی خاتون بچوں کو کھانا کھلانے کی کوشش کرتے ہوئے، سوتیلی ماں نے ایسا کرنے سے روکا

ظلم کے شکار ان بچوں کے بارے میں علاقہ مکینوں کو اطلاع ملی تو وہ گھر میں داخل ہو گئے، انھوں نے دو چھوٹے بچوں کو برہنہ حالت میں زنجیروں سے بندھا پایا، علاقہ مکینوں کا کہنا تھا کہ انھوں نے کافی کوششوں کے بعد گھر کا دروازہ کھلوایا، اس سلسلے میں اے آر وائی نیوز پر ویڈیو بھی دکھائی گئی جس میں بچے زنجیروں سے بندھے دکھائی دیے۔

محلے والوں نے بچوں کی زنجیریں کھولیں، اور جوس پلایا

بھوکا رہنے کی وجہ سے بچے انتہائی کم زور ہو چکے ہیں، ایک پڑوسی خاتون نے بتایا کہ وہ گھر میں داخل ہوئی تھی اور انھوں نے بچوں کو کھانا کھلانے کی کوشش کی تو سوتیلی ماں نے کھانا کھلانے نہیں دیا، جس پر پڑوسی خاتون نے سوتیلی ماں کے کھانا کھلانے سے منع کرنے کی ویڈیو بنا لی۔

معصوم بچی نے محلے والوں کو بتایا کہ ان کی ماں عنبر والد بلال سے طلاق لے کر چلی گئی تھی، اور سوتیلی ماں اسما انھیں کپڑے بھی نہیں پہناتی تھی، باپ نے کام بھی چھوڑ دیا تھا۔

محلے والوں نے بچوں کو بازیاب تو کرالیا لیکن اس دردناک قصے کا ایک سیاہ پہلو یہ بھی ہے کہ پولیس نے ایک بار پھر بچوں کو سوتیلی ماں کے حوالے کر دیا ہے، پولیس نے تو ان بچوں کو دوبارہ سوتیلی ماں کے حوالے کر کے اپنی جان چھڑا لی لیکن سوال یہ ہے کہ ان کی پرورش کون کرے گا، ان کی کفالت اور حفاظت کی ذمہ داری کون اٹھائے گا؟

سماجی رہنماؤں کا ردِ عمل

اے آر وائی نیوز پر بچوں کو زنجیروں سے باندھنے کی خبر نشر ہونے کے بعد معروف سماجی رہنما ضیا اعوان ایڈوکیٹ نے کہا کہ اس واقعے کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے، یہ واقعہ گھریلو تشدد کا ہے جس کے خلاف قانون موجود ہے، بچوں کو بھوکا رکھنا اور زنجیروں سے باندھنا مجرمانہ فعل ہے، بچوں کو سوتیلی ماں کو واپس کرنے والوں کے خلاف ایکشن ہونا چاہیے، اور بچوں کو کسی شیلٹر ہوم میں پہنچانا چاہیے تھا، اس کیس میں پولیس کی کوتاہی واضح نظر آ رہی ہے، ہائی کورٹ کے چیف جسٹس کو واقعے کا نوٹس لینا چاہیے۔

صارم برنی ویلفیئر ٹرسٹ انٹرنیشنل کی وائس چیئر پرسن عالیہ برنی نے کہا ہم نے اے آر وائی نیوز کے ساتھ مل کربہت سے بچوں کو تحفظ فراہم کیا، اس واقعے پر کسی بھی ادارے کو بری الذمہ قرار نہیں دیا جا سکتا۔

معروف سماجی کارکن فرزانہ باری نے کہا بچوں کی ذمہ داری صرف ماں باپ کی ہی نہیں ریاست کی بھی ہے، چھوٹے بچوں پر ظلم کرنے والی سوتیلی ماں کو بھی سزا ملنی چاہیے، بچوں کو واپس کرنے پر اب سوتیلی ماں اور بھی انھیں ستائے گی، ہمارے اداروں کو ایسے بچوں کو ریسکیو کرنا چاہیے، سوال تو یہ بھی ہے کہ جب سوتیلی ماں ظلم کر رہی تھی تو ان بچوں کا باپ کہاں تھا۔

انھوں نے کہا جب بھی ظلم ہوتا ہے آپ تحفظ کے لیے پولیس کے پاس جاتے ہیں، لیکن اکثر دیکھا گیا ہے کہ پولیس ظالم کے ساتھ کھڑی ہو جاتی ہے، ایف آئی آر تک درج کرانے میں بہت مشکلات پیش آتی ہیں، یہاں تک کہ میڈیکل رپورٹ تک پولیس خراب کر دیتی ہے، پولیس کا محکمہ ٹھیک ہو جائے تو لوگوں کے مسائل بہتر طریقے سے حل ہو سکتے ہیں۔

اہم ترین

نذیر شاہ
نذیر شاہ
نذیر شاہ کراچی میں اے آر وائی نیوز کے کرائم رپورٹر ہیں

مزید خبریں