چین کے سینٹرل ملٹری کمیشن کے وائس چیئرمین جنرل ژانگ نے آرمی چیف جنرل عاصم منیر سے ون آن ون ملاقات کی، ملاقات میں پاک فوج کے سربراہ نے باہمی اعتماد اور تعاون کی بنیاد پر زور دیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق عوامی جمہوریہ چین کے سینٹرل ملٹری کمیشن کے وائس چیئرمین جنرل ژانگ یوشیا نے ایک اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) کا دورہ کیا۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق جنرل ژانگ یوشیا نے آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر سے ون آن ون ملاقات کی جس کے بعد وفود کی سطح پر بھی بات چیت ہوئی۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق ملاقات میں باہمی دلچسپی، علاقائی سیکیورٹی پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، دونوں جانب سے دو طرفہ دفاعی تعاون کو مزید وسعت دینے کا عزم بھی کیا گیا۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق آرمی چیف نے کہا کہ دونوں ممالک کے تعلقات باہمی اعتماد اور تعاون پر مبنی ہیں، دونوں ممالک کے تعلقات مشکل کی ہر گھڑی میں اعتماد پر پورا اترے ہیں۔
آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا کہ مثالی تعلقات وقت کے ساتھ مزید مضبوط ہورہے ہیں، آرمی چیف نے عالمی اور علاقائی امور میں پاکستان سے تعاون پر چین سے تشکر کا اظہار کیا۔
دوسری جانب چینی وائس چیئرمین نے اسٹریٹجک شراکت داری پر پاکستان کے کردار کی تعریف کی، چینی وائس چیئرمین نے انسداد دہشتگردی کیلئے پاک فوج کے عزم کی تعریف بھی کی۔
چین کے سینٹرل ملٹری کمیشن کے وائس چیئرمین جنرل ژانگ نے کہا کہ چین باہمی تعلقات کو مزید وسعت دینےکیلئے پر عزم ہے۔
اس سے قبل جی ایچ کیو پہنچنے پر جنرل ژانگ یوشیا نے یادگار شہدا پر پھول رکھے اور شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا، جی ایچ کیو آمد پر ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا، پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے انہیں گارڈ آف آنر بھی پیش کیا۔