کراچی: کے پی ٹی کی حدود میں قائم چائنا کریک پُل کو بحال کر دیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان ریلوے نے چائنا کریک برج کی بحالی کا کام مکمل کر لیا، ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ کراچی محمد حنیف گل کا کہنا ہے کہ پُل کی بحالی سے بندرگاہ سے اندرون ملک برآمدی اور درآمدی کنٹینرز کی منتقلی میں سہولت ہوگی۔
پل کی بحالی کے بعد اب کیماڑی سے براستہ چائنا کریک برج پہلی فریٹ ٹرین کی روانگی رواں ہفتے ہوگی، محکمہ ریلوے نے بتایا کہ کراچی سٹی اسٹیشن کو کیماڑی براستہ کراچی بندرگاہ ملانے والی چائنا کریک برج کی بحالی کا کام مکمل ہو چکا ہے۔
اس پل کی بحالی سے محکمے کی فریٹ سروس اور آمدنی میں اضافہ ہوگا، برج کے غیر فعال رہنے سے ایک لمبے متبادل راستے کا استعمال کیا جا رہا تھا۔
1238 فٹ یا 379 میٹر لمبا چائنا برج 39 گرڈرز پر مشتمل ہے، جس وقت اس پل سے مال بردار ٹرینوں کی آمد و رفت کو ختم کیا گیا تھا اس وقت ان میں سے صرف 6 قابل استعمال حالت میں تھے، 25 گرڈرز کو مرمت کی ضرورت تھی، جب کہ 8 گرڈرز ایسے تھے جو نا قابل مرمت تھے۔
برج کی بحالی کا مکمل کام پاکستان ریلوے نے کیا اور وفاقی حکومت سے کوئی علیحدہ گرانٹ اس ضمن میں مختص نہیں کرائی گئی۔
واضح رہے کہ چائنا کریک برج کراچی پورٹ ٹرسٹ (کے پی ٹی) کے سامنے اور فوڈ اسٹریٹ پورٹ گرینڈ کے ساتھ واقع ہے، اس کی بحالی کا کام گزشتہ برس دسمبر میں شروع کیا گیا تھا۔
پل کے لیے جدید ترین گرڈرز کی فراہمی جہلم میں موجود پاکستان ریلویز کے برج ورکشاپ سے کی گئی، جب کہ دیگر سول ورک اور لیبر کے اخراجات کی فراہمی محکمے کے ہیومن اور میٹیریل ریسورسز سے کی گئی۔