آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا ہے کہ پاک چین تعلقات دونوں ممالک کی ترقی و خوشحالی کےلیے اہم ہیں اور علاقائی امن واستحکام کےلیےتعلقات اہمیت کےحامل ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل عاصم منیر سے چینی نائب وزیرخارجہ نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور دوطرفہ دفاعی تعاون مزید بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
چینی نائب وزیرخارجہ نے سی پیک منصوبوں کےلیے سیکیورٹی انتظامات پر اظہاراطمینان کیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین ہر موسم کے اسٹریٹیجک پارٹنر ہیں علاقائی امن واستحکام کیلئے پاکستان کی کوششیں قابل تعریف ہیں۔
اس سے قبل صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے چین کے نائب وزیر خارجہ سَن ویدونگ نے ملاقات کی جس میں پاکستان اور چین کا معیشت، آئی ٹی، زرعی اور انسانی وسائل کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کی خواہش کا اعادہ کیا۔
صدر مملکت نے کہا کہ چین ایک بہت ہی عزیز دوست ہے ہمیشہ مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا۔