اشتہار

اسرائیل فلسطین کشیدگی: چین کے 6 بحری جہاز بھی مشرق وسطیٰ پہنچ گئے

اشتہار

حیرت انگیز

اسرائیلی فوج کی جانب سے غزہ پر کی جانے والی وحشیانہ بمباری اور اس کے نتیجے میں ہونے والی معصوم شہریوں کی اموات کے بعد اب چین کی جانب سے اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔

غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق چینی وزارت دفاع نے اسرائیل فلسطین تنازعے اور کشیدگی میں حالیہ اضافے کے بعد مشرق وسطیٰ میں اپنے 6 بحری جنگی جہازوں کو تعینات کردیا ہے۔

چین کے اخبار کی جانب سے دعویٰ کیا جارہا ہے کہ عمان کی بحریہ کے ساتھ مشترکہ مشقوں کے بعد چینی ٹاسک فورس نامعلوم مقام کی جانب روانہ ہوگئی ہے۔

- Advertisement -

برطانوی میڈیا کی جانب سے خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے پیش نظر مشرق وسطیٰ میں چین کی جانب سے 6 بحری جنگی جہاز تعینات کرنے کو انتہائی غیر معمولی پیش رفت قرار دیا جارہا ہے۔

بتایا جارہا ہے کہ تعینات کیے گئے جہازوں میں ٹائپ 052 ڈی گائیڈڈ میزائل ڈیسٹرائر زیبو، فریگیٹ جِنگ زہو اور سپلائی شپ چِنڈاہو بھی شامل ہیں۔

برطانوی میڈیا کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ چینی فوج کی ناردرن تھیئٹر کمانڈ میں موجود جہازوں میں ٹائپ 052 ڈیسٹرائر اورومکی، فریگیٹ لینیی اور سپلائی شپ ڈونگ پنگ ہو بھی شامل ہیں،جہازوں کی کمانڈ رواں ماہ کے آغاز میں 45 ویں ایسکارٹ ٹاسک فورس کے حوالے کی گئی تھی۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے خبردار کیا تھا کہ اگر اسرائیل اور حماس جنگ کے دوران امریکی فوجیوں کو نشانہ بنایا گیا تو واشنگٹن جوابی کارروائی کے لیے تیار ہے کیونکہ یہ تنازع مشرق وسطیٰ میں پھیلنے کا امکان ہے۔

اُن کا مزید کہنا تھا کہ امریکی صدر جوبائیڈن کی انتظامیہ جواب دینے کے لیے پوری طرح تیار ہے اگر امریکی اہلکار ایسی کسی بھی مسلح کاروائی کا نشانہ بنے۔.

انٹونی بلنکن نے کہا کہ ہم اس بات کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات کر رہے ہیں کہ ہم اپنے لوگوں کا مؤثر طریقے سے دفاع کرسکیں اور اگر ضرورت پڑی تو فیصلہ کن جواب دے سکیں، ان کا مزید کہنا تھا کہ مشرق وسطیٰ میں دو طیارہ بردار جنگی جہازوں سمیت اضافی فوجی تعینات کیے گئے ہیں۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں