بیجنگ: کشمیریوں کے یوم سیاہ پر چین نے مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرنے کا مطالبہ کردیا۔
چینی وزارت خارجہ کی ترجمان ماؤ ننگز نے کہا کشمیر کے تنازع پر چین کا مؤقف مستقل اور واضح ہے، مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کے چارٹر اور سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حل ہونا چاہیے۔
ترجمان ماؤ ننگز کا کہنا تھا کہ کشمیر بھارت اور پاکستان کے درمیان تاریخی مسئلہ ہے، فریقین کشمیر کے تنازع کو بات چیت اور مشاورت سے حل کریں۔
دوسری جانب ترکیہ میں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی یکطرفہ اقدام کے چار سال مکمل ہونے پر انقرہ میں پاکستانی سفارتخانے کی جانب سے تقریب ہوئی۔
ترک پارلیمنٹیرین نے تقریب میں شرکت کی، تقریب میں کشمیر میں بھارتی مظالم کو اجاگر کیا گیا۔
اس کے علاوہ انقرہ میں بھارتی جبر اور مظالم کی عکاسی کے لئے دو روزہ تصویری نمائش جاری ہے جہاں ترک سول سوسائٹی سے وابستہ اہم شخصیات نے نمائش کا دورہ کیا۔
پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج یوم استحصال کشمیر منایا جا رہا ہے
واضح رہے کہ آج مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے غیر قانونی اقدام کے 4 سال مکمل ہو گئے، پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج یوم استحصال کشمیر منایا جا رہا ہے، شہر شہر کشمیریوں سے اظہار یک جہتی کے لیے مظاہرے ہوں گے۔