اسلام آباد : پاکستان میں چین کے سفیر ژاﺅ جنگ کا کہنا ہے کہ سی پیک کے پیچھے کوئی خفیہ ایجنڈا نہیں، یہ ایک کھلی کتاب کی طرح ہے، تحفظات رکھنے والے ممالک پاکستان آئیں اور سی پیک کو سمجھیں۔
یہ بات انہوں نے اپنے ایک جاری بیان میں کہی، چینی سفیر نے کہا کہ سی پیک میں چھپانے کیلئے کچھ بھی نہیں، اور نہ ہی اس کےپیچھے کوئی خفیہ ایجنڈا ہے، سی پیک کا مقصد خطے کےعوام کی حالت زار میں بہتری کرنا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ کچھ ممالک اور شخصیات سی پیک سے متعلق متنازع بیانات دے رہے ہیں، ہم ایسے بیانات پر تحفظات کا اظہار کرتے ہیں، تحفظات رکھنے والے ممالک کے نمائندے پاکستان آئیں سی پیک کو سمجھیں۔
چینی سفیر نے کہا کہ اقتصادی ترقی کیلئے سیکیورٹی بنیادی شرط ہے، دس سال پہلے میں نے اسلام آباد میں بطور سفارت کار تعیناتی میں صورت حال کا تجربہ کیا، دوبارہ پاکستان میں تعیناتی پر یہاں بہترسیکیورٹی کا ماحول دیکھ سکتا ہوں، حکومت اور فوج کی سیکیورٹی بہتر بنانے کیلئے کوششوں کو سراہتا ہوں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں تیس ہزارسے زائد چینی انجینئرز اور مزدور کام کررہے ہیں، چینی شہریوں کو پاکستان میں سیکیورٹی پرکوئی شک و شبہ نہیں، چینی انجینئرز اور مزدور سیکیورٹی کی بہتر صورتحال پر مطمئن ہیں۔
ژاؤ جنگ نے کہا کہ چین سیکیورٹی کے بہترین انتظامات پر پاکستان کا شکر گزار ہے، سیکیورٹی کے چیلنجز پاکستان نہیں پورے خطے کو درپیش ہیں، پاکستان چین کی حکومتیں قریبی تعاون سے چیلنجز کا سامنا کررہی ہیں۔