گوادر: کروناوائرس کے پیش نظر لاک ڈاؤن سے متاثرہ پاکستانیوں کی مدد کے لیے چینی کمپنی بھی میدان میں آگئی۔
تفصیلات کے مطابق بلوچستان میں گوادرپورٹ پر چینی کمپنی’’کوپک‘‘ کی جانب سے راشن سے بھرا جہاز لنگر انداز ہوا، راشن لاک ڈاؤن سے پریشان مقامی افراد میں تقسیم کیا جائے گا۔
پاک بحریہ نے جذبہ خیرسگالی کے تحت راشن اپنے جہاز پر کراچی سے گوادر پہنچایا۔ راشن میں آٹا، چینی، چاول، گھی، کجھوریں اور دیگر مختلف اشیاء شامل ہیں۔
ذرائع چینی کمپنی کا کہنا ہے کہ 34ٹن راشن کو 1ہزار مستحق خاندانوں میں تقسیم کیا جائے گا۔
کوروناوائرس کیخلاف جنگ ، چین نے مثالی دوستی کا حق ادا کردیا
ادھر نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاک،چین تعلقات ہمیشہ مشکل وقت میں ثابت قدم رہے، دنیا کو کورونا کا چیلنج درپیش ہوا تو دونوں شانہ بشانہ آگئے۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کا کہنا تھا کہ چین نے ووہان میں پاکستانی طلبا کا خیال رکھا اور کوروناکیخلاف جنگ میں پاکستان کو ہنگامی طبی امداد فراہم کی، چین کی طبی ماہرین کی ٹیم نے پاکستان کا دورہ کیا، جہاں انھوں نے ڈاکٹرز،سرکاری اہلکاروں، شعبہ صحت کےحکام سے ملاقاتیں کیں، چینی ماہرین نے اسلام آباد، راولپنڈی، کراچی، لاہور کا دورہ کیا۔