اسلام آباد : پاکستان میں چینی سفیر جیانگ زیڈونگ نے کہا ہے کہ پاک فضائیہ نے دشمن کیخلاف چینی ٹیکنالوجی کا مؤثر استعمال کیا۔
چین کے سفیر جیانگ زیڈونگ نے ایئر ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد کا دورہ کیا، اس موقع پر ایئر چیف مارشل ظہیر بابر سدھو سے ملاقات کی ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق دونوں رہنماؤں کی ملاقات میں دفاعی تعاون، خطے کی صورتحال اور مشترکہ چیلنجز پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر ایئرچیف مارشل ظہیربابرسدھو نے کہا کہ پاکستان اور چین آہنی بھائی ہیں، پاک فضائیہ کی آپریشنل تیاری خطے میں امن واستحکام کی ضامن ہے۔
پاک فضائیہ کی مشرقی محاذ پر کارکردگی کو چینی سفیرکی جانب سے سراہا گیا، چینی سفیر نے کہا کہ پاک فضائیہ کا مقامی ٹیکنالوجی پر انحصار قابل تحسین ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان ایئر فورس کی پیشہ ورانہ مہارت متاثر کن ہے، پاک فضائیہ نے جدید ٹیکنالوجی کا مؤثر استعمال کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں پاک فضائیہ اور چین کے درمیان دفاعی اشتراک میں وسعت پر اتفاق کیا گیا۔
چینی سفیر نے پاک فضائیہ کو مکمل تکنیکی معاونت فراہم کرنے کا اعادہ کیا، پاک فضائیہ اور چین کے درمیان تحقیق، تربیت اور ٹیکنالوجی میں اشتراک جاری ہے، ملاقات میں رابطے اور مشترکہ مشقیں بڑھانے کا عزم کیا گیا۔