چنیوٹ: صوبہ پنجاب کے شہر چنیوٹ میں سفاک شوہر نے بیوی اور تین بچوں کو قتل کرکے خودکشی کرلی۔
تفصیلات کے مطابق چنیوٹ کے علاقے رائے چند میں اعجاز نامی شخص نے اپنی بیوی اور بچوں کو گولیاں مارکر خودکشی کرلی۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ابتدائی تفتیش میں واقعہ گھریلو ناچاقی کی وجہ سے پیش آیا، مزید تحقیقات کر رہے ہیں، ضروری کارروائی کے بعد لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا۔
پولیس کے مطابق افسوس ناک واقعے میں جاں بحق ہونے والوں میں اعجاز کی بیوی ، دو بیٹیاں اور بیٹا شامل ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ ماہ صوبہ پنجاب کے شہر گجرات میں خاوند نے بیوی، دو بیٹیوں اور بیٹے کو بے دردی سے قتل کرنے کے بعد خود کو کمرے میں بند کر کے آگ لگا کرخودکشی کرلی تھی۔
پولیس حکام کا کہنا تھا کہ 2 بچوں نے بھاگ کر جان بچائی جن کی عمر 7 سے 10 سال کے درمیان تھی۔
واضح رہے کہ رواں سال 30 جنوری کو کوئٹہ میں محمد عاشق نامی شخص نے گھریلو ناچاقی پر اندھا دھند فائرنگ کردی تھی جس کے نتیجے میں اس کی اہلیہ جاں بحق جبکہ بیٹی شدید زخمی ہوگئی تھی۔