سماجی تنظیم لاجورد پاکستان کی جانب سے بالائی چترال کے ہرچن، لاسپور میں 6 ماہ کی تحقیق اور دس روزہ میکنگ لیب ریزیڈنسی پروگرام کے بعد اپنے کاموں کی نمائش پیش کی گئی۔
نمائش میں کمیونٹی عمائدین، سرکاری افسران اور اسکول کے بچوں نے شرکت کی۔ یہ سرگرمی ’’کمیونٹی بیسڈ کنزرویشن آف سلک روٹ ہیریٹیجز‘‘ پروجیکٹ کے تحت منعقد کی گئی تھی، جس کا انعقاد لاجورد نے برٹش کونسل کے کلچرل پروٹیکشن فنڈ کے تعاون سے کیا تھا،جو کہ ورثے کے اثاثوں کے تحفظ کا کام کر رہا ہے۔
نمائش میں ڈیزائنرز اور فنکاروں کے تیار کردہ کاموں کی نمائش کی گئی، جنھوں نے لاسپور چترال وادی میں خواتین کاریگروں کے ساتھ مل کر کام کیا تھا، لاجورد وادئ لاسپور میں ثقافت اور ورثے کے تحفظ کے لیے طویل عرصے سے کوشاں ہے۔ 2018 میں اس نے ہیریٹیج میوزیم لاسپور کو بھی ڈیزائن اور تعمیر کیا۔
تقریب کے موقع پر ڈائریکٹر لاجورد پاکستان آرکیٹیکٹ ڈاکٹر زہرا حسین نے کہا کہ چترال اور گلگت بلتستان کے مختلف علاقوں کا ثقافتی حسن اپنی مثال آپ ہے اور ان علاقوں کی خوب صورت ثقافت اور تہذیب ہمارے لیے قابل قدر سرمایہ ہے، تہذیب و ثقافت نہ صرف قوم اور قبیلے کی تاریخی ترجمان ہوتی ہے بلکہ کوئی بھی معاشرہ اپنی تہذیب وثقافت کے تحفظ کے بغیر اپنی تاریخ سے منسلک نہیں رہ سکتا ہے۔
انھوں نے کہا اس علاقے کے پر کشش ثقافت اور آرکیالوجیکل سائیٹس کو فروغ دینے کی ضرورت ہے، یہ دیکھنا بہت ضروری ہے کہ پہاڑی برادریوں پر ماحولیاتی تبدیلیاں کس طرح اثر انداز ہو رہی ہیں، اور انھیں ثقافتی ورثے کے تحفظ میں کن مسائل و مشکلات کا سامنا ہے۔
واضح رہے کہ لاجورڈ چترال میں ثقافتی تناظر میں کام کرنے والا ایک پلیٹ فارم ہے۔