اسلام آباد : وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثارنے فیس بک کی انتظامیہ پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ سوشل میڈیا کوجھوٹ اور کردار کشی کاوسیلہ بننے نہیں دیں گے۔
تفصیلات کے مطابق سوشل میڈیا پر گستاخانہ مواد کی موجودگی اور اعلیٰ شخصیات کو متنازع بنانے کے معاملے پر فیس بک انتظامیہ نے ایف آئی اے کو کسی بھی قسم کے تعاون سے معذرت کر لی ہے۔
جس پر وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار نے ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کسی غیر ملکی کمپنی کی پالیسیوں کی آڑ میں اہم ملکی شخصیات کو متنازعہ بنانے کی اجازت نہیں دی جا سکتی نہ ہی سوشل میڈیا کو جھوٹ، بہتان اور کردار کشی کا وسیلہ بننے دیا جا سکتا ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ نے کہا ہے کہ فیس بک، ٹوئٹر اور واٹس ایپ کے لوکل ورژن متعارف کرانے پر بھی غور کیا جائےگا تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جا سکے کہ کردار کشی پر مبنی متنازعہ مواد کی تشہیر روکی جاسکے۔
وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار نے کہا کہ آزادی اظہار رائے کی آڑ میں کسی کو بھی ملکی وقار سے کھیلنے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور نہ ہی ملک میں انتہا پسندی پھیلانے کی اجازت دی جائے گی۔