لاہور: لاہور قلندرز کے بلے باز کرس لین کا کہنا ہے کہ سیمی فائنل میں کراچی کنگز کا سامنا کرنے کو تیار ہیں۔
تفصیلات کے مطابق لاہور قلندرز کے بلےباز کرس لین نے میچ کے بعد پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ سیمی فائنل میں پہنچنے کی خوشی ہے، آج کے میچ میں تماشائیوں کو بہت مس کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی شائقین کرکٹ کا مداح ہوگیا ہوں۔
کرس لین کا کہنا تھا کہ اپنے کیرئیر میں دوسری ٹی 20 سنچری کرنے پر خوش ہوں۔ انہوں نے کہا کہ بیٹنگ کرتے وقت بین ڈنک کا چھکوں کا ریکارڈ ذہن میں نہیں تھا۔ لاہور قلندرز کے بلے باز نے کہا کہ پرفارم کر کے آسٹریلوی ٹیم کا حصہ بننے پر خوشی ہوگی۔
سیمی فائنل سے متعلق کرس لین کا کہنا تھا کہ کراچی کنگز کا سیمی فائنل میں سامنا کرنے کو تیار ہیں، کراچی کنگز ایک متوازن ٹیم ہے ان سے اچھا مقابلہ ہوگا۔
لاہور قلندرز نے پی ایس ایل کی تاریخ بدل دی
واضح رہے کہ پی ایس ایل 2020 کے اہم میچ میں لاہور قلندرز نے کرس لین کی شان دار سنچری کی بدولت ملتان سلطانز کو 9 وکٹوں سے شکست دے کر پہلی بار سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کیا۔