تازہ ترین

شیر نے اپنے ٹرینر کو چبا ڈالا، خوفناک ویڈیو وائرل

جانور کوئی سا بھی ہو جانور ہی ہوتا ہے جو قدرتی طور پر اپنی فطرت اور جبلت سے الگ نہیں ہوسکتا، خاص طور پر جنگلی جانوروں کو سدھانے اور سکھانے والے افراد بھی ان کی اس فطرت کا نشانہ بن جاتے ہیں۔

ایک ایسی ہی خوفناک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے کہ جس میں سرکس کے جنگلے میں موجود شیر نے اپنے ٹرینر پر حملہ کرکے اسے چبا ڈالا، تاہم شدید زخمی ہونے کے باوجود اس کی جان بچ گئی۔

اس وائرل ویڈیو جو ہم آپ کے ساتھ شیئر کر رہے ہیں اس میں ایک سرکس کا منظر دکھایا گیا ہے جس میں بڑے سے انکلوژر میں ایک ٹرینر چار شیروں کے ساتھ اکیلا موجود ہے جنہیں وہ اپنے انداز سے ہدایات دے دہا ہے اور وہ اس پرعمل بھی کررہے ہیں۔

لیکن اچانک ان میں سے شیر خونخوار طریقے سے ٹرینر پر حملہ کردیتا ہے، صورتحال سے بے خبر ٹرینر اس اچانک حملے سے حواس باختہ ہوجاتا ہے اور اپنی جان بچانے کیلئے پاس پڑے ایک لوہے کے جنگلے کو ڈھال بنا کر شیر سے بچنے کی کوشش کرتا ہے۔

اس کی وہ کوشش بھی ناکام ہوتی ہے کیونکہ شیر مزید مشتعل ہوکر اس پر دوبارہ حملہ آور ہوجاتا ہے اور اس کے بازو اپنے مضبوط جبڑوں میں دبوچ کر اسے شدید زخمی کردیتا ہے۔

شیر کے حملہ آور ہونے پر تماشائیوں میں خوف و ہراس پھیل گیا اور سب چلانے لگے، تاہم سرکس کا عملہ پہنچ کر ٹرینر کو شدید زخمی حالت میں اس کے حملے سے بچا کر باہر نکال لیتا ہے۔

یاد رہے کہ دنیا کے بیشتر ممالک میں اس طرح کے جنگلی جانوروں کے سرکس کے انعقاد پر پابندی عائد ہے کیونکہ ان کے ساتھ نہ صرف برا سلوک کیا جاتا ہے بلکہ انہیں مناسب خوراک بھی نہیں دی جاتی۔ اس کی وجہ یہی ہے کہ ان جانوروں کا تعلق صرف جنگلوں سے ہے جو ان کا قدرتی مسکن بھی ہے۔

Comments

- Advertisement -