کراچی: پولیس افسر کے اسکواڈ کی فائرنگ کی زد میں آکر ایک شہری جان سے ہاتھ دھو بیٹھا، بد قسمت شہری عید منانے جا رہا تھا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے ابوالحسن اصفہانی روڈ پر مبینہ طور پر پولیس کی فائرنگ سے شہری جاں بحق ہوا، پولیس اسکواڈ ایک اعلیٰ پولیس افسر کا تھا۔
ڈی آئی جی ایسٹ ذوالفقارلاڑک کا کہنا تھا کہ ملزمان علاقے میں ڈکیتی کر رہے تھے، پولیس نے ملزمان کو دیکھ کر ان کا گھیراؤ کرنے کی کوشش کی جس پر ملزمان نے پولیس فائرنگ کھول دی۔
ڈی آئی جی ایسٹ نے بتایا کہ پولیس اور ملزمان کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کی زد میں آکر گاڑی میں سوار شہری کو گولی لگ گئی۔جاں بحق شہری کا نام نوید فاروق ہے۔
ڈی آئی جی ایسٹ نے ایس ایس پی ملیرعدیل چانڈیو کو جائے وقوعہ پر پہنچنے کی ہدایت کی، انھوں نے کہا کہ خول، عینی شاہد اور سی سی ٹی وی فوٹیج سے واقعے کا جائزہ لیا جائے گا، واقعے میں کوئی اہل کار ملوث ہوا تو کارروائی کی جائے گی۔
دوسری طرف پولیس ذرائع نے اے آر وائی کے نمائندے کو بتایا کہ فائرنگ کرنے والے پولیس افسرکے اسکواڈ کے اہل کار ہیں، جنھوں نے ڈاکوؤں کو لوٹ مار کرتے دیکھ کر فائرنگ کی۔
پولیس ذرائع کے مطابق فائرنگ کے تبادلے میں ملزمان تو فرار ہوگئے لیکن ایک شہری اس کی زد میں آگیا، فائرنگ کے بعد مذکورہ اہل کار بھی علاقے سے فرار ہوگئے۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ فرار ہونے والے اہل کاروں کی تلاش جاری ہے، پتا لگایا جا رہا ہے کہ اسکواڈ کس پولیس افسر کا تھا۔
کراچی میں پولیس کی کارروائیاں‘ 7 ملزمان گرفتار‘ اسلحہ برآمد
پولیس کی فائرنگ سے جان سے ہاتھ دھونے والا بد قسمت شہری عید منانے جا رہا تھا، فائرنگ سے نجی اسپتال اور اطراف میں گورنمنٹ اسکول کی دیواروں پر بھی گولیاں لگیں جب کہ قریب میں کھڑی گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا۔
ابوالحسن اصفہانی روڈ پر پولیس اسکواڈ کی فائرنگ سے شہری کے جاں بحق ہونے کی اطلاع ملتے ہی ایس ایس پی ملیر بھی جائے وقوعہ پر پہنچ گئے۔
ڈی آئی جی ایسٹ کے مطابق ابو الحسن اصفہانی روڈ پر فائرنگ کے واقعے میں ملوث زخمی شخص کو جناح اسپتال سے گرفتار کرلیا گیا، ملزم کی شناخت رضا کے نام سے ہوئی جسے ٹانگ میں گولی لگی۔
خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔