ہفتہ, مئی 18, 2024
اشتہار

شہری نے بیٹے کے قاتل کو سزائے موت سے چند لمحے قبل معاف کر دیا

اشتہار

حیرت انگیز

سعودی عرب میں رحم دلی کا منفرد مظاہرہ دیکھنے میں آیا جب ایک باپ نے اپنے بیٹے کے قاتل کو سزائے موت دیے جانے سے چند لمحے قبل معاف کر دیا۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق سعودی عرب میں پانچ برس قبل ایک جھگڑے میں قتل ہونے والے نوجوان کے قاتل کو موت کی سزا سنائی گئی تھی تاہم اس پر عملدرآمد سے چند لمحے قبل مقتول کے والد کا دل پسیج گیا اور اس نے قاتل کو معاف کر دیا۔

رپورٹ کے مطابق پانچ برس قبل جدہ کے علاقے حمدانیہ میں کار پارکنگ کے اختلاف پر 6 افراد میں جھگڑا ہوا تھا جس کے نتیجے میں ایک نوجوان شدید زخمی ہوا تھا جو اسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا تھا۔

- Advertisement -

مذکورہ واقعے پر متوفی کے اہل خانہ کی جانب سے عدالت میں کیس چلا تھا اور قاتل کو سزائے موت سنائی گئی تھی۔ فیصلے کے خلاف اپیل مسترد ہونے پر قاتل کے اہلخانہ نے مقتول کے ورثا سے رابطہ کیا اور قاتل کو معاف کرنے کی درخواست کی تاہم مقتول کے والد قاتل کو معاف کرنے پر تیار نہیں تھے۔

اس ناکامی کے بعد قاتل کے ورثا اس کی زندگی کے لیے مایوس ہو چکے تھے۔ اسی دوران قصاص کا دن آن پہنچا، لوگ فیصلے پر عملدرامد کو دیکھنے کے لیے میدان میں موجود تھے جہاں عدالتی اہلکار نے جرم کی نوعیت اور عدالتی فیصلہ سب کو ایک بار پھر پڑھ کر سنایا۔

تاہم اس سے قبل کہ سزائے موت پر عملدرآمد کرتے ہوئے جلاد قاتل کی گردن اڑاتا، مقتول کے والد فوری میدان میں آئے اور جلاد کو تلوار واپس رکھنے کا اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ میں اللہ تعالیٰ کی رضا کے لیے اپنے بیٹے کو معاف کرتا ہوں۔

اس اعلان کے ساتھ ہی قاتل کے ورثا جو اپنے نوجوان کی زندگی سے مایوس ہوچکے تھے ان میں خوشی کی لہر دوڑ گئی، معافی کے اعلان پر قاتل کی ماں کے خوشی سے رو پڑیں اور کہا کہ میں نے ہمت نہیں ہاری تھی جبکہ وہاں موجود لوگوں نے بھی مقتول کے والد کے اس اقدام کو سراہا۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں