چین میں معمر شہری نے حکومت کی ایک نہ چلنے دی، حکام کو موٹروے شہری کے مکان کے اردگرد تعمیر کرنا پڑی۔
حکوت نے شہری کو موٹروے کے لیے جگہ دینے کے عوض ایک لاکھ 80 ہزار پاؤنڈ معاوضے کی پیشکش بھی کی پر بوڑھے نے ماننے سے انکار کردیا، جس کے بعد موٹروے ان کے مکان کے اردگرد تعمیر کی گئی جس کی تصاوری سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہورہی ہیں۔
ہوانگ پنگ نامی شخص کا یہ انوکھا دو منزلہ گھر چین کے شہر جنکسی میں واقع ہے اور اب وہ مسلسل دھول، شور کرتے مزدوروں، اور تعمیراتی موٹر وے کے نرغے میں ہے۔
اس سلسلے میں ہوانگ نے بتایا کہ اب انھیں چینی حکومت کی پیشکش ٹھکرانے کا افسوس ہے اور وہ اس بات سے پریشان ہیں کہ جب یہ ایکسپریس وے موسم بہار میں کھلے گا تو ان کی زندگی کیسی ہوگی۔
انھوں نے کہا کہ ’اگر میں وقت کو واپس پلٹا سکتا تو میں ان کی پیش کردہ انہدامی شرائط پر اتفاق کر لیتا۔ اب ایسا محسوس ہوتا ہے جیسے میں نے ایک بڑا جوا ہار دیا ہو۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی تصاویر میں دکھایا گیا ہے کہ گھر کی چھت موٹروے کی دو لینز کے تقریباً برابر سطح پر ہے، جو اس عمارت کے اطراف سے گزرتی ہیں اور پھر دوبارہ آپس میں مل جاتی ہیں۔
چینی حکام نے طویل اور بے نتیجہ مذاکرات کے بعد موٹروے کی تعمیر کو آگے بڑھانے کے لیے ہوانگ کے گھر کے دونوں طرف بائی پاس ڈیزائن کیا اور اب اس کی تعیمر جاری ہے۔