لاہور: عدلیہ کے بعد پاک فوج کے خلاف ہرزہ سرائی پر نہال ہاشمی کے خلاف مقدمہ درج کرنے کیلئے درخواست جمع کرادی، جس میں کہا گیا ہے کہ نہال ہاشمی کے بیان سے ہر پاکستانی کی دل آزاری ہوئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاک فوج کے خلاف بیان پر نہال ہاشمی کے خلاف مقدمے کے اندراج کے لیے درخواست جمع کرادی گئی ، شہری نے یہ درخواست لاہور کے تھانہ سول لائن میں درخواست کرائی۔
جس میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ نہال ہاشمی نے پاک فوج کے خلاف بیان دے کر ملک و قوم کی تذلیل کی ہے، ان کی گفتگو سے ہر پاکستانی کی دل آزاری ہوئی ہے، وہ غیر ملکی ایجنڈے پر کام کر رہا ہے، اس کے بیان سے عالمی سطح پر ملک کی بدنامی ہوئی ہے۔
درخواست میں استدعا کی گئی کہ نہال ہاشمی کے خلاف مقدمہ درج کر کے قانونی کارروائی کی جائے۔
https://youtu.be/5uAbTX4k3NM
یاد رہے گزشتہ روز نہال ہاشمی نے ایک تقریب میں خطاب کرتے ہوئے پاک فوج اور بھارتی اشتعال انگیزی کی روک تھام کے لیے یقینی سمجھے جانے والے ملک کے دفاعی اثاثوں پر تنقید کرتے ہوئے انہیں لا حاصل قرار دیا تھا، انہوں نے اس حقیقت کو بھی نظر انداز کیا کہ پاکستان نے کبھی بھی جارحیت کا راستہ نہیں اپنایا بلکہ اپنے دفاع کو یقینی بنانے کے لیے یہ اثاثہ جات تیار کیے ہیں۔
مزید پڑھیں : نہال ہاشمی کی ہرزہ سرائی، رانا ثنا اللہ نے اظہارِ لاتعلقی کردیا
مسلم لیگ ن نے نہال ہاشمی کے پاک فوج کے خلاف بیان کو ان کی ذاتی رائے قرار دیتے ہوئے اظہارِ لاتعلقی کرتے ہوئے کہا تھا کہ ان کا بیان پارٹی موقف سے موافقت نہیں رکھتا۔
وزیرقانون پنجاب رانا ثنا اللہ نے نہال ہاشمی کے موقف کی تردید کرتے ہوئے کہا تھا کہ فوج ملکی سرحدوں کی حفاظت کے لیے ہوتی ہے لہذا ایسی ہرزہ سرائی درست نہیں ہے۔
واضح رہے کہ نہال ہاشمی اس سے قبل بھی ملک کی اعلیٰ عدلیہ کے خلاف دھمکی آمیز گفتگو کرنے کے سبب توہینِ عدالت کے جرم میں ایک مہینے کی سزا کاٹ چکے ہیں، جذبات میں بیان دینے کے بعد نہال ہاشمی عدالت سے معافی بھی مانگتے رہے تھے۔