تازہ ترین

کراچی کے شہریوں نے ڈھائی ماہ کے دوران 9 ڈاکوؤں کو ہلاک اور 2 کو زندہ جلا دیا

کراچی : شہر قائد میں شہریوں نے ڈھائی ماہ کے دوران 9 ڈاکوؤں ہلاک اور 2 کو زندہ جلا دیا جبکہ 20 کو زخمی بھی کیا۔

تفصیلات کے مطابق شہر قائد میں بڑھتی ہوئی اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں کو روکنے کے لیے شہری اب خود میدان میں آگئے۔

رواں سال کے ڈھائی ماہ کے دوران کراچی کے شہریوں کے ہاتھوں نو ڈاکو ہلاک اور بیس کو زخمی کردیا گیا جبکہ شہریوں نے دو ڈاکووں کو پکڑ کر زندہ بھی جلا دیا۔

اس کے علاوہ بہادر شہریوں نے 20 اسٹریٹ کرمنلز کو رنگے ہاتھوں پکڑ کر تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد پولیس کے حوالے کیا۔

پولیس کے اعداد و شمار کے مطابق اکیس مارچ کو نارتھ کراچی انڈہ موڑ اور پانچ مارچ کو اورنگی میں شہریوں کی فائرنگ سے دو ڈاکو ہلاک ہوئے۔

گزشتہ ماہ اکیس فروری کو عزیز بھٹی کے علاقے میں شہری کی فائرنگ سے دو ڈاکو اور سترہ فروری کو اورنگی ٹاون میں ایک ڈاکو مارا گیا۔

اسی طرح پانچ فروری کو سرجانی فور کے چورنگی پر شہریوں نے دو ڈاکو زندہ جلاکر مار ڈالے جبکہ جنوری کے مہینے میں بھی ڈیفنس میں شہری کی فائرنگ سے ڈاکو مارا گیا۔

شہریوں نے مختلف علاقوں میں تشدد سے20ڈاکوؤں کو زخمی بھی کیا ، پکورنگی، اورنگی ٹاؤن ، گلبرگ ، ماڈل کالونی میں ڈاکو عوام کے ہتھے چڑھے جبکہ یاسین آباد ، عائشہ منزل ، فیڈرل بی ایریا اور گلبرگ میں بھی شہریوں نے ڈاکووں کو پکڑا۔

Comments

- Advertisement -