کراچی : جناح انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر سول ایوی ایشن اتھارٹی کے افسر نے مسافر کا قیمتی سامان واپس کرکے فرض شناسی کی اعلیٰ مثال قائم کردی۔
کراچی ایئرپورٹ پر ملنے والی ملکی وغیر ملکی کرنسی سمیت اہم دستاویزات اصل مالک تک پہنچا دیئے۔
اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ چار مارچ کو کراچی سے اسلام آباد کی پرواز370پر سفر کرنے والا حمزہ بلوچ نامی مسافر کراچی ایئرپوٹ کے کاؤنٹر پر اپنا بٹوہ بھول گیا تھا۔
مسافر کے بٹوے کو سول ایوی ایشن اتھارٹی کے افسر نے دیکھا اور امانتاً اپنے پاس رکھ لیا۔
مذکورہ بٹوے میں کریڈٹ کارڈ ایک لاکھ 30 ہزار کے مساوی یو اے ای درہم کے ساتھ پاکستانی کرنسی بھی موجود تھی مسافر بعد ازاں اسلام آباد سے دبئی روانہ ہو گیا تھا۔
بعد ازاں ایئرپورٹ منیجر کراچی عمران خان نے مذکورہ مسافر سے دبئی میں رابطہ کیا اور ای میل پر رابطے کے ذریعے حمزہ بلوچ کے ماموں محمد مبین کو رقم اوردستاویزات حوالے کی گئیں۔
بٹوے کی وصولی کے بعد حمزہ بلوچ کے ماموں محمد مبین نے اہم کاغذات اور رقم کی واپسی پر سول ایوی ایشن اتھارٹی حکام کی ایمانداری کی تعریف کی۔