وزارت خزانہ نے وزیرخزانہ کےسرکاری ملازمین کی تنخواہوں سےمتعلق بیان کی وضاحت کر دی۔
وزارت خزانہ نے واضح کیا ہے کہ وزیرخزانہ نے ملازمین کے پےاسکیلز پر نظرثانی یا تنخواہوں سے متعلق کوئی بات نہیں کی، وزیرخزانہ نےخطاب میں ایسا کوئی اعلان نہیں کیا اور نہ ہی بیان دیا۔
وزارت خزانہ کے مطابق رکن اسمبلی کے سوال اٹھائےجانے پر معزز ایوان کو صورت حال سے آگاہ کیا گیا اور بتایا گیا کہ فی الوقت سرکاری ملازمین کے پےاسکیلز پر نظرثانی کی تجویز زیرِغور نہیں ہے۔
وزارت خزانہ نے یہ بھی واضح کیا کہ فی الوقت تنخواہوں اور الاؤنسز میں خاطرخواہ اضافے کی تجویز زیرغور نہ ہونے کا بھی ایوان کو بتایا گیا ہے۔
قومی اسمبلی اجلاس میں وقفہ سوالات کے دوران وزارت خزانہ نے قومی اسمبلی کو سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے کے سوال پر تحریری جواب دیا، جس میں وزیر خزانہ محمد اورنگ زیب کی جانب سے سرکاری ملازمین کے لیے بری خبر دی گئی۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ آئندہ مالی سال میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے کی تجویز زیر غور نہیں ہے، ملازمین کے الاؤنسز اور پے سکیل پر نظر ثانی کی تجویز بھی زیر غور نہیں۔