کوئٹہ: وزیرِ اعلیٰ بلوچستان جام کمال نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت بلوچستان کی تیس سالہ پرانی ریکروٹمنٹ پالیسی جلد تبدیل کرے گی۔
وزیر اعلیٰ جام کمال بلوچستان اسمبلی میں اظہار خیال کر رہے تھے، انھوں نے کہا کہ بلوچستان کی 30 سال پرانی ریکروٹمنٹ پالیسی جلد تبدیل کریں گے۔
بلوچستان حکومت صوبے کے مستقبل کے لیے اقدامات کر رہی ہے، 100 بار باور کرانے کے با وجود اپوزیشن شور مچا رہی ہے، اپوزیشن احتجاج کرے مگر ایوان اور صوبے کی روایات کا خیال رکھے۔
جام کمال کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کی جانب سے پی ایس ڈی پی (پبلک سیکٹر ڈیولپمنٹ پروگرام) پر کمیٹی کا مطالبہ سامنے آیا ہے، عدالت میں پی ایس ڈی پی کیس 2016 سے دائر ہے، لیکن اپوزیشن نے عدالت کے فیصلے کا صرف پہلا پیرا پڑھا ہے۔
Recruitment policy to be changed after 30 years… pic.twitter.com/TVTla4iJAy
— Jam Kamal Khan (@jam_kamal) March 27, 2019
انھوں نے کہا کہ حکومت اور اتحادی بلوچستان کو ترقی کی راہ پر گام زن کرنا چاہتے ہیں، سابقہ حکومت کی 450 اسکیمیں جون تک مکمل ہو جائیں گی، پی ایس ڈی پی میں 2003 سے 2013 تک کی اسکیمیں شامل ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: کوئٹہ میں فائرنگ سے بلوچستان یونیورسٹی کےسپرنٹنڈنٹ جاں بحق
وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ 30 ارب روپے کی اسکیموں کی منظوری ہماری حکومت نے دی، ان اسکیموں کا فائدہ صرف حکومت نہیں بلکہ عوام کو ہوگا۔
خیال رہے کہ بلوچستان میں اپوزیشن جماعتوں کا مطالبہ ہے کہ انھیں ترقیاتی پروگرام کے تحت یکساں فنڈز فراہم کیے جائیں، انھوں نے فنڈز میں کٹوتی پر صوبائی اسمبلی میں احتجاج بھی کیا۔