کراچی : کلفٹن تین تلوار کے قریب شاپنگ سینٹر میں اچانک آگ بھڑک اٹھی، عمارت کی پہلی منزل پر کپڑے اور مختلف اشیاء کی سیکڑوں دکانیں ہیں۔
اس حوالے سے فائر بریگیڈ حکام نے بتایا کہ آگ کلفٹن میں 4 منزلہ عمارت کے پہلے فلور میں لگی ہے، فائر بریگیڈ کی 10گاڑیاں آگ بجھانے میں مصروف ہیں۔
اے آر وائی نیوز کے نمائندے عدنان راجپوت کے مطابق پہلی منزل پر شاپنگ سینٹر قائم ہے، تیسرے فلور پر مختلف دفاتر بنے ہوئے ہیں، پہلے فلور پر 4سو دکانیں ہیں، جن میں کپڑا اور مختلف اقسام کی اشیا ہیں۔
فائربریگیڈ حکام نے مزید پتایا کہ متاثرہ دکاندار اپنا مال محفوظ مقام پر منتقل کر رہے ہیں، تاہم آگ پر 70 فیصد تک قابو پالیا گیا ہے۔
تازہ ترین اطلاعات کے مطابق فائر بریگیڈ حکام کا مزید کہنا ہے کہ آگ کو مزید پھیلنے سے روک دیا گیا ہے، دکانداروں نے اپنی مدد آپ کے تحت دکانوں سے سارا سامان باہر نکال لیا۔
آگ کے دھوئیں سے فائربریگیڈ کے اہلکار کی حالت غیر ہوگئی، فائر بریگیڈ اہلکارکو طبی امداد کے لئے جناح اسپتال منتقل کیا گیا۔
اس حوالے سے پولیس حکام کا کہنا ہے کہ آگ شاپنگ سینٹر کی پہلی منزل پر لگی، جس نے متعدد دکانوں کو لپیٹ میں لے لیا۔
پولیس کے مطابق آگ لگنے سے کسی قسم کے جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ملی، شاپنگ سینٹر کے اطراف موجود سلنڈرز کو باہر نکال دیا گیا ہے۔
آگ لگتے ہی کے الیکٹرک نے موقع پر پہنچ کر بجلی منقطع کردی تھی، آگ لگنے کی وجوہات تاحال سامنے نہیں آسکیں، نقصان کا مجموعی تخمینہ لگایا جارہا ہے۔
آگ پر قابو پالیا گیا
تازہ ترین اطلاعات کے مطابق کلفٹن تین تلوار چورنگی کے قریب شاپنگ سینٹر میں لگنے والی آگ پر قابو پالیا گیا، کولنگ کا عمل جاری ہے۔
چیف فائرافسر ہمایوں خان نے میڈیا کو بتایا کہ آگ بجھانے میں فائر بریگیڈ کی 8 گاڑیوں نے حصہ لیا، تاہم آگ لگنے کی وجوہات معلوم نہیں ہوسکیں۔
مارکیٹ صدر کے مطابق آتشزدگی کے باعث 20سے25 دکانوں کو نقصان پہنچا، جن دکانوں کو نقصان ہوا وہاں، کپڑا اور فورم موجود تھا، آتشزدگی کے باعث کروڑوں روپے مالیت کا نقصان ہوا ہے۔