لاہور: قذافی اسٹیڈیم سے باہر نکلنے پر کلب کرکٹرز نے بابر اعظم کی گاڑی کو گھیر لیا۔
تفصلات کے مطابق پی سی بی سربراہ ذکا اشرف سے ملاقات کے بعد جب بابر اعظم قذافی اسٹیڈیم لاہور سے باہر نکلے تو کلب کرکٹرز نے قومی پلیئر کی گاڑی کو گھیر لیا۔
اس دوران وہاں موجود کلب کرکٹرز کی جانب سے باہر اعظم کے حق میں نعرے لگائے گئے جس پر بابر اعظم نے ہاتھ کے اشارے سے جواب دیا۔
واضح رہے کہ پی سی بی نے ملاقات کے بعد بیان جاری کیا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ بابراعظم کو دورہ آسٹریلیا کے لیے کپتان برقراررکھا جائے گا۔ تاہم پلیئر نے سوچنے کے لیے وقت مانگا تھا۔
اس ملاقات کے کچھ ہی دیر بعد قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے تینوں فارمیٹ کی کپتانی چھوڑنے کا اعلان کیا تھا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (ٹوئٹر) پر قومی کرکٹر بابر اعظم نے تینوں فارمیٹ کی کپتانی چھوڑنے کا اعلان کرتے ہوئے لکھا کہ تمام فارمیٹ کی کپتانی سے دستبردار ہورہا ہوں۔
پاکستانی بیٹر نے کہا کہ فیصلہ کرنے کا یہی درست وقت ہے۔ پاکستان کے لیے تینوں فارمیٹ بطور کھلاڑی کھیلتا رہوں گا۔