لاہور : وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا ہے کہ نو اگست کو پنجاب حکومت ٹائیگرز فورس ڈے منائے گی، پورے صوبے میں لاکھوں پودے لگائے جائیں گے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیر صدارت اعلی سطح کا اجلاس ہوا اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے
انہوں نے بتایا کہ پنجاب حکومت نو اگست کو ٹائیگرز فورس ڈے منائیگی۔
ٹائیگرز فورس ڈے پر لاکھوں پودے لگائے جائیں گے ،وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ پورے صوبے میں 520 تقریبات منعقد ہوں گی، صوبے بھرمیں12لاکھ سے زائد پودے لگائےجائیں گے۔
ٹائیگرز فورس ڈے پر پنجاب کو سرسبز بنانے کے عزم کا اعادہ کیا جائیگا، شہروں میں اربن فاریسٹری کے تحت بھی پودے لگائے جائیں گے، عوامی نمائندے ٹائیگرز فورس ڈے پر تقریبات میں بھرپور حصہ لیں، ہم اپنی نسلوں کو بہترین اور صاف ماحول دینے کے مشن پر گامزن ہیں۔
سابق دور میں نمائشی منصوبوں کی آڑ میں درختوں کو بےدردی سے کاٹا گیا، درختوں کی کٹائی کے باعث ماحولیاتی آلودگی میں اضافہ ہوا، سال2023تک ویژن کے مطابق10 ارب پودے لگانے کیلئے پرعزم ہیں۔
پنجاب کے ہر شہر میں ٹائیگرز فورس ڈے پر پودے لگانے کا پلان بنایا ہے، سیالکوٹ میں نیا جنگل بنانے کا منصوبہ بنایا ہے، ٹائیگر فورس کے نو جوان عوام کی خدمت کیلئے وزیراعظم کے رضا کار ہیں جو عوامی خدمت کی سرگرمیوں میں حصہ لے رہے ہیں۔