جمعرات, مئی 30, 2024
اشتہار

رشوت لینے کی شکایت پر وزیراعلیٰ پنجاب نے کانسٹیبل کو گرفتار کروا دیا

اشتہار

حیرت انگیز

لاہور: نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے تھانہ مزنگ اور سول لائنز کا دورہ کیا، ایک لڑکے کی جانب سے رشوت لینے کی شکایت پر کانسٹیبل کو گرفتار کروا دیا۔

تفصیلات کے مطابق دورے کے موقع پر نگراں وزیر اعلیٰ کے ہمراہ صوبائی وزیراطلاعات عامر میر بھی موجود تھے، وزیراعلیٰ کی ہدایت پرلڑکے سے لی گئی رشوت کی رقم واپس کی گئی، محسن نقوی کی جانب سے رشوت لینے والے کانسٹیبل کے خلاف محکمانہ کارروائی کا بھی حکم دیا گیا۔

سائلین کی جانب سے رشوت خوری کی شکایات کے علاوہ دونوں تھانوں کی بری حالت تھی، صفائی کا انتظام بھی ناقص تھا، فرنٹ ڈیسک درست کام نہیں کر رہی تھی، عملہ بھی تسلی بخش جواب نہ دے سکا۔

- Advertisement -

اس موقع پر تھانوں میں موجود لوگوں نے دادرسی نہ ہونے کے حوالے سے شکایات کیں، نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی دونوں تھانوں کی حالت زار دیکھ کر شدید برہم ہوگئے۔

محسن نقوی نے انسپکٹرجنرل پولیس کو 3 روز کے اندر دونوں تھانوں میں بہتری لانے کی ہدایت کرتے ہوئے سائلین سے ان کے کیسز کے بارے میں پوچھا۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے سائلین کی فوری دادرسی کے لیے موقع پر ہی احکامات دیے جب کہ انھوں نے تھانے میں روزنامچہ بھی چیک کیا۔

محسن نقوی کا کہنا تھا کہ تھانوں کا دورہ کر کے مایوسی اور زمینی حقائق سے آگاہی ہوئی، تھانوں میں مظلوم کی دادرسی کا موثر نظام ہی انصاف کی بنیاد ہے، تھانوں کو بہتر بنانے کے لیے آئی جی پولیس کو ٹاسک دے دیا ہے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں