لاہور: نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی کا کہنا ہے کہ 9 مئی کے واقعات میں ملوث مفرور شرپسندوں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا، اجلاس میں سانحہ 9 مئی کے واقعات میں ملوث شرپسندوں کے خلاف قانونی کارروائیوں کا جائزہ لیا گیا۔
انسپکٹر جنرل (آئی جی) پنجاب پولیس نے اس حوالے سے پیش رفت سے متعلق بریفنگ دی۔
اجلاس میں شرپسندوں کے خلاف پراسیکیوشن کے عمل میں پیش رفت پر بھی غور کیا گیا، 9 مئی کے واقعات میں ملوث مزید 11 سو 63 شر پسندوں کا ڈیٹا بیس مل گیا، سائنٹفک انداز سے 11 سو 63 شرپسندوں کی شناخت کا عمل شروع کردیا گیا۔
نگران وزیر اعلیٰ نے مفرور شرپسندوں کی جلد گرفتاری یقینی بنانے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ ضروری وسائل بروئے کار لا کر مفرور شرپسندوں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔
انہوں نے کہا کہ آخری شرپسند کی گرفتاری تک ان کا تعاقب جاری رکھا جائے، کسی شرپسند سے کوئی رعایت نہیں ہوگی، شرپسندوں اور انہیں اکسانے والوں کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا۔
اجلاس میں شرپسندوں کے خلاف پراسیکیوشن کو مزید مؤثر انداز میں آگے بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا اور پولیس اور پراسیکیوشن کو بہترین کوآرڈینیشن کے ساتھ کیسز کی پیروی کی ہدایت کی گئی۔
نگران وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ کسی گناہ گار کو چھوڑنا نہیں اور کسی بے گناہ کو پکڑنا نہیں۔