ننکانہ صاحب: وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ باباگرونانک یونیورسٹی کی تعمیر میں 6ارب روپے لاگت آئے گی، یونیورسٹی کے قیام سے سکھوں کو بھی تعلیم کی سہولت ملے گی۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب کا باباگرونانک یونیورسٹی کے سنگ بنیاد کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ کرتارپور راہداری کا افتتاح بھی بہت جلد ہونے جارہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ تعلیم پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کی اولین ترجیح ہے، یونیورسٹی کے قیام سے نہ صرف مقامی بلکہ دنیا بھرسکھوں کو فائدہ ہوگا۔
عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ ننکانہ صاحب میں ہیلتھ کارڈ تقسیم ہوچکے، 28ہزار خاندانوں کو فائدہ ہوگا، ننکانہ صاحب میں ڈسٹرکٹ جیل اور پولیس لائن بھی تعمیر کریں گے۔
انہوں نے واضح کیا کہ تحریک انصاف حکومت میں اقلیتوں کو اہمیت حاصل ہے، وزیراعظم عمران خان کو ننکانہ صاحب میں خوش آمدید کہتا ہوں، باباگرونانک یونیورسٹی کی تقریب میں شرکت پر مشکور ہوں۔
باباگرونانک یونیورسٹی میں دنیا بھر سے سکھ برادری تعلیم حاصل کرسکے گی: وزیراعظم
خیال رہے کہ ننکانہ صاحب میں باباگرونانک یونیورسٹی کا سنگ بنیاد رکھ دیا گیا ہے، سنگ بنیاد کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ باباگرونانک کی 550ویں سالگرہ پر اس یونیورسٹی کی بنیاد رکھی گئی، باباگرونانک یونیورسٹی میں دنیا بھر کے سکھ برادری کے لوگ پڑھ سکیں گے، کرتارپورسکھ برادری کا مدینہ اور ننکانہ صاحب ان کا مکہ ہے۔
واضح رہے وزیراعظم عمران خان کرتارپور راہداری کا باضابطہ افتتاح نو نومبر کو کریں گے، گوردوارہ کی تعمیر میں سکھ مذہب اور تاریخی اہمیت کا مکمل خیال رکھا گیا ہے، پاکستان نے منصوبے پر مقامی وسائل خرچ کیے، کوئی بیرونی امداد نہیں لی۔