مرید کے: وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے پنجاب کے ضلع شیخو پورہ میں طالبہ کے اغوا اور زیادتی کا سخت نوٹس لیتے ہوئے ملزمان کو جلد از جلد گرفتار کرنے کی ہدایت کردی۔
اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق شیخوپورہ میں نامعلوم افراد نے طالبہ کو اغوا کے بعد زیادتی کا نشانہ بنایا اور پھر اُسے چھوڑ کر فرار ہوگئے۔
پولیس حکام کے مطابق متاثرہ لڑکی کو اسپتال منتقل کیا گیا جہاں اُس کے میڈیکل ٹیسٹ کروائے جارہے ہیں۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے شیخورہ کے قریب سے اغوا اور زیادتی کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی پی او شیخوپورہ سے رپورٹ طلب کرلی۔ وزیر اعلیٰ پنجاب نے ڈی پی او کو ملزمان کو جلد از جلد گرفتار کرنے کا حکم دیا۔
سردار عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ ’ملزمان قانون کے تحت قرار واقعی سزا سے نہیں بچ سکتے، متاثرہ خاندان کو ہر صورت انصاف فراہم کیا جائے گا‘۔
مزید پڑھیں: انسانیت سوز واقعہ: کمسن بچی مبینہ زیادتی کے بعد قتل
یاد رہے کہ 17 نومبر کو پنجاب کے ضلع سرگودھا میں سفاکیت کا ایک اور واقعہ پیش آیا تھا، جہاں بااثر زمیندار نے مبینہ طور پر زیادتی کے بعد آٹھ سالہ بچی کو قتل کردیا تھا۔
پولیس حکام نے بتایا تھا کہ واقعہ تحصیل بھلوال کے نواحی قصبے للیانی میں پیش آیا، واقعے کے بعد پولیس نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر بچی کی لاش کو تحویل میں لیا اور اسے ضابطے کی کارروائی کے لیے سول اسپتال منتقل کیا تھا۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب نے سرگودھا کے نواحی علاقے میں آٹھ سالہ بچی سے زیادتی اور قتل کے واقعےکا نوٹس لیتے ہوئے آرپی او سرگودھا سے رپورٹ طلب کی تھی۔
اپنے بیان میں وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے واقعے میں ملوث ملزمان کی جلد گرفتاری کا حکم دیتے ہوئے کہا تھا کہ واقعے میں ملوث ملزمان کو جلد سےجلد قانون کی گرفت میں لایا جائے، پنجاب حکومت متاثرہ خاندان کو ہر قیمت پر انصاف فراہم کرے گی۔