کراچی: وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے عوام سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ خدارا گھروں میں رہیں، عوام کو نہ صرف خود کو اپنے بچوں کو اور دوستوں کو بچانا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیرصدارت کرونا ٹاسک فورس کا 23 واں اجلاس ہوا جس میں صوبائی وزرا، چیف سیکریٹری، آئی جی، کور 5، رینجرز، ڈبلیو ایچ کے نمائندے شریک تھے۔ اجلاس میں ایئرپورٹ، سول ایوی ایشن اور دیگر اداروں کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔
سیکریٹری ہیلتھ نے بریفنگ کے دوران بتایا کہ صوبے میں کل 87 کیسز ہیں، سکھرمیں 151 کیسز ہیں، سکھر فیز 2 کے 402 ٹیسٹ کے نتائج زیر التوا ہیں، لاڑکانہ کے 83 ٹیسٹ ابھی آنا باقی ہیں۔
اجلاس میں بریفنگ کے دوران وزیراعلیٰ سندھ کو بتایا گیا کہ 31 پروازیں شیڈول تھیں 3710 مسافر آئے، تمام مسافروں کی اسکریننگ کی گئی،4مشتبہ افراد کے ٹیسٹ لیےگئے۔
وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ لوکل ٹرانس میشن کے کیسز 51 ہوگئے ہیں، اصل پریشانی کی بات لوکل ٹرانس میشن کے بڑھتے کیسز ہیں۔انہوں نے عوام سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ خدارا گھروں میں رہیں، عوام کو نہ صرف خود کو اپنے بچوں کو اور دوستوں کو بچانا ہے۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ سرکاری اسپتالوں میں آج 1874مشتبہ افراد آئے،21 کے ٹیسٹ کیے، نجی اسپتالوں نے 702مشتبہ رپورٹ کیے،5 ٹیسٹ کیے ہیں۔
پاکستان میں کرونا وائرس کے کیسز کی تعداد 458 ہو گئی
واضح رہے کہ پاکستان میں کرونا وائرس کے کیسز کی تعداد 458 ہو گئی ہے، وائرس سے مجموعی طور پر 3 افراد جاں بحق جبکہ 5 مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔