کراچی : وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ وہ کراچی کو ایک بہترین، سرسبز اورخوبصورت شہر میں تبدیل کرنے کے لیے کوشاں ہیں اور انہوں نے شہر کی خوشحالی، پائیداری، جامعیت اورسروس ڈلیوری پرتوجہ مرکوز کی ہوئی ہے اور اب کراچی کے پرانے علاقوں کو خوبصورت بنایا جا رہا ہے تاکہ ان علاقوں میں بھی ہر ایک آدمی گھر خریدنے میں دلچسپی لے۔
یہ بات انہوں نے آج وزیراعلیٰ ہاوٴس میں ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی جس میں عالمی بینک کے 82 ملین ڈالرکے تعاون سے کراچی لیو ایبل ایمپرومنٹ پروجیکٹ کو حتمی شکل دے کر اور شہر کے پرانے علاقوں کو بحال کرنے کے حوالے سے غور کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ کراچی کو قومی معیشت میں ایک مرکزی حب کی حیثیت حاصل ہے جس کا جی ڈی پی میں 15سے 29فیصد حصہ ہے مگر اس کی معاشی ترقی بالخصوص شہر کے پرانے علاقے میں گزشتہ دو برس کے دوران رفتار بہت کم رہی ہے اور یہ بہت تکلیف دہ بات ہے کہ کراچی گلوبل لیو ایبل انڈیکس میں دنیا کے 140اہم شہروں کی فہرست میں 134ویں نمبر پر ہے۔
ایڈیشنل چیف سیکریٹری (ترقیات) محمد وسیم نے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ سندھ کی رہنمائی کے تحت کراچی کے مختلف علاقوں میں فٹ پاتھوں اور پارکوں کی بحالی اور گلیوں کو اسٹریٹ لائٹ سے مزین کیا جائے گاعلاوہ ازیں سڑکوں کو دوبارہ تعمیر اور اپ گریڈ کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ منصوبے کی تخمینی لاگت 80 ملین ڈالر ہے جس میں سے سندھ حکومت 20فیصد برداشت کرے گی جبکہ 80 فیصد اخراجات کے لیے فنڈز عالمی بینک فراہم کرے گا۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کراچی پیکج کا جائزہ لیا۔ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے 10بلین روپے کے کراچی پیکج کے تحت منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ لیا.
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ ان منصوبوں پر آج سے کام شروع ہوجانا چاہئیے اس حوالے سے کسی بھی قسم کی تاخیر کسی صورت میں بھی برداشت نہیں کی جائے گی۔