ہفتہ, مارچ 15, 2025
اشتہار

میئر بنانے کا حق صرف پیپلز پارٹی کو ہے، وزیر اعلیٰ سندھ

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی: وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ کسی کو میئر بنانے کا حق ہے تو وہ پاکستان پیپلز پارٹی ہے۔

جامشورو میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مراد علی شاہ نے کہا کہ بلدیاتی الیکشن پر سندھ کے لوگوں کا شکر گزار ہوں، الیکشن کے پہلے اور دوسرے مرحلے میں لوگوں نے پیپلز پارٹی کا ساتھ دیا۔

وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ بلدیاتی الیکشن کے نتائج تو 24 گھنٹے میں آگئے تھے، تحریک انصاف والے سمجھ رہے تھے کہ وہ 2018 کی طرح صبح اٹھ کر جیت جائیں گے، ایک صاحب کو جانتا ہوں جنہیں رات کو اپنے حلقے کا معلوم نہیں تھا مگر صبح وہ جیت گئے، پی ٹی آئی والوں کو 2018 کے الیکشن کی عادت تھی کہ رات سوئے اور صبح جیت گئے، بلدیاتی الیکشن میں بھی پی ٹی آئی نے ایسا ہی کیا۔

مراد علی شاہ نے بتایا کہ ایم کیو ایم کے کچھ تحفظات تھے جو حلقہ بندیوں کے حوالے سے تھے، ایم کیو ایم نے ہم سے رابطہ کیا تو ہم نے کہا کہ الیکشن ہونے چاہیے، خدشہ دور کرنے اور دھاندلی جیسے الزامات سے بچنے کے لیے الیکشن کمیشن کو خط لکھا تھا لیکن الیکشن کمیشن نے ہماری بات نہیں مانی اور الیکشن ہوگئے۔

پنجاب خیبر پختونخوا اسمبلیوں کی تحلیل پر وزیر اعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ کے پی اسمبلی تحلیل کرنے کا اعلان تو 2 دن پہلے کر دیا تھا، مجھے یقین ہے وہ سوچ رہے ہوں گے کہ تحلیل کریں یا نہیں، اسمبلی تحلیل کرتے ہیں تو کوئی وجوہات ہونی چاہیے، ایک شخص کی انا کی خاطر اسمبلیاں توڑنا میری سمجھ سے باہر ہے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں