کراچی : وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ صوبہ بھر میں ترقیاتی کام کرانے کا تہیہ کیا ہوا ہے اور ضلعی اور تعلقہ ہیڈکوارٹرز کو اپ گریڈ کر کے انہیں خوبصورت بنایا جائیگا۔
یہ بات وزیراعلٰی سندھ نے وزیراعلیٰ ہاوٴس میں سیوہن اور دادو تعلقہ سے آئے ہوئے معزیزین سے خطاب کرتے ہوئے کہی، انہوں نے کہا کہ وہ ترقیاتی اسکیموں پر خصوصی توجہ مرکوز کئے ہوئے ہیں۔
وزیراعلٰی سندھ نے کہا کہ میر ی بھرپور کوشش ہے کہ ضلعی اے ڈی پی کے 25 بلین روپے اور صوبائی اے ڈی پی کے 200 بلین روپے بہتر طریقے سے استعمال کیے جائیں اور جاری ترقیاتی منصوبوں کو مقررہ مدت میں مکمل کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ وہ بخوبی اس بات سے آگاہ ہیں کہ دیہی علاقوں کے دیہاتوں ، تحصیلوں اور شہروں کو پانی کی فراہمی اور نکاسی آب کے نظام کی اشد ضرورت ہے۔ یہ دونوں اسکیمیں حکومت نے ڈسٹرکٹ اے ڈی پی، محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ ، محکمہ بلدیات کے ذریعے ہاتھوں میں لی ہیں اور پوری کوشش ہے کہ انہیں صوبائی اے ڈی پی کے تحت بھی شروع کیا جائے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے معززین پر زور دیا کہ وہ اسکولوں کی کارکردگی کو ذاتی طور پر مانیٹر کریں اور لازمی طور پر دیکھیں کہ اساتذہ باقاعدگی کے ساتھ اسکول جاتے ہیں اور کلاسیں لیتے ہیں کہ نہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہر ایک فرد کہ چاہیے کہ وہ حکومت کے ساتھ تعلیم اور صحت کی خدمات کو بہتر بنانے کے لئے ہر ممکن مدد کرے۔
اس موقع پرسیوہن کے معززین نے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی جانب سے پورے صوبے بشمول ہر ایک دیہات کی ترقی کے لئے کی جانے والی انتھک کاوشوں کو بھی سراہا۔