کراچی: وزیراعلیٰ سندھ مرادعلی شاہ کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت مرحومہ عاصمہ جہانگیرکو اعزاز سے نوازے اور سوگ میں سندھ حکومت کو قومی پرچم سرنگوں کرنے کی اجازت دی جائے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ مرادعلی شاہ نے وزیراعظم شاہدخاقان کو خط لکھا ، جس میں کہا گیا ہے کہ وفاقی حکومت مرحومہ عاصمہ جہانگیر کو اعزاز سے نوازے۔
خط کے متن میں کہا گیا ہے کہ عاصمہ جہانگیرکے انتقال پر سندھ حکومت نےآج ایک روزہ سوگ کااعلان کیا ہے ، تدفین کے روز سوگ میں سندھ حکومت کو قومی پرچم سرنگوں کرنے کی اجازت دی جائے۔
اس سے قبل عاصمہ جہانگیر کے انتقال پر سندھ حکومت نے ایک روزہ سوگ کا اعلان کیا تھا اور وزیراعلیٰ کی ہدایت پر محکمہ سروسزاینڈجنرل ایڈمنسٹریشن نے نوٹیفکیشن جاری کیا تھا۔
وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ کل سندھ میں سر کاری سطح پرسوگ منایا جائے گا، عاصمہ جہانگیر ہم سب کے حقوق کیلئےلڑتی تھیں، وزیراعلیٰ ہاؤس اور سندھ سیکریٹریٹ میں عاصمہ جہانگیر کیلئے دعاکی جائیگی۔
مزید پڑھیں : معروف وکیل ‘ سماجی رہنما عاصمہ جہانگیر انتقال کرگئیں
یاد رہے گذشتہ روز معروف وکیل اور سماجی کارکن عاصمہ جہانگیر 66 برس کی عمر میں انتقال کرگئیں تھیں، ان کی ساری زندگی جمہوریت کے فروغ اور اعلیٰ انسانی اقدار کے تحفظ کی جدوجہد کرتے گزری۔