بدھ, دسمبر 4, 2024
اشتہار

کل سے سندھ میں سی این جی اسٹیشن کھل جائیں گے: سوئی سدرن گیس

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی: صوبے بھر میں گیس کی بندش کے 4 روز گزرنے کے بعد پانچویں روز سوئی سدرن گیس حکام نے یقین دہانی کروائی ہے کہ کل سے سندھ میں سی این جی اسٹیشن کھل جائیں گے۔

تفصیلات کے مطابق کئی دن کی اذیت ناک صورتحال کے بعد بالآخر کراچی سمیت سندھ بھر میں کل سے سی این جی اسٹیشن کھولنے کا اعلان کردیا گیا۔

سوئی سدرن گیس حکام نے وزیر پیٹرولیم غلام سرور کو یقین دہانی کروائی ہے کہ کل سے سندھ میں سی این جی اسٹیشن کھل جائیں گے۔ حکام کا کہنا ہے کہ سی این جی اسٹیشنز کو متبادل ذرائع سے گیس فراہم کی جائے گی۔

- Advertisement -

سوئی سدرن گیس کے ترجمان کا کہنا ہے کہ گیس پریشر میں بہتری آرہی ہے، بہتری رہی تو سی این جی اسٹیشنوں کو گیس کی ترسیل بحال کردی جائے گی۔

ترجمان کے مطابق سسٹم میں گیس آتے ہی حالیہ بحران ختم ہوجائے گا۔

واضح رہے کہ سوئی سدرن گیس کمپنی نے صوبے بھر میں سی این جی سیکٹر کو گیس کی فراہمی غیر معینہ مدت کے لیے بند کردی تھی۔

بعد ازاں گیس کا بحران مبینہ طور پر مصنوعی نکلا اور انکشاف ہوا کہ سندھ کی گیس پنجاب کو فراہم کی جارہی ہے۔

پی پی ایل کے ذرائع نے انکشاف کیا تھا کہ گمبٹ گیس فیلڈ میں کوئی خرابی نہیں ہے بلکہ گیس بحران کی اصل وجہ آر ایل این جی ٹرمینل میں خرابی ہے۔

دوسری طرف وزیر اعظم عمران خان نے گیس بحران کا نوٹس لیتے ہوئے سوئی ناردرن اور سدرن گیس کے بورڈز آف ڈائریکٹرز کو فوری طور پر ہٹانے کا فیصلہ کیا تھا۔

وزیر اعظم نے نااہلی کا مظاہرہ کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کا حکم دیتے ہوئے فوری رپورٹ بھی طلب کرلی تھی۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں